کراچی، ظالم حکمران کے سامنے کلمہ حق کہنا بھی جہاد ہے،پی ٹی آئی رہنماء

ان کے خلاف جہاد کریں اور پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دیں،ہم انہیں رُلائیں گے اور جیلوں میں بھیجیں گے کیونکہ یہ چور اور ڈاکو ہیں، تحریک انصاف کے این اے 237 کے نامزد امیدوار کیپٹن جمیل احمد خان اور پی ایس 89 کے امیدوار علی حسین

پیر 9 جولائی 2018 22:17

کراچی، ظالم حکمران کے سامنے کلمہ حق کہنا بھی جہاد ہے،پی ٹی آئی رہنماء
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے حلقہ این اے 237 کے نامزد امیدوار کیپٹن جمیل احمد خان اور پی ایس 89 کے نامزد امیدوار علی حسین نے مومن آباد میں کارنر میٹنگ کی جو دیکھتے ہی دیکھتے جلسے میں تبدیل ہو گئی۔ حلقے کے عوام نے پی ٹی آئی رہنمائوں کا شاندار استقبال کیا۔ مذکورہ جلسہ نما کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیپٹن جمیل احمد نے کہا کہ جب آپ بازار سے کوئی پھل یا سبزی لاتے ہیں تو گلی سڑی نہیں لاتے بلکہ تازہ لاتے ہیں۔

جب آپ کے مستقبل کا سوال آتا ہے تو گلے سڑے ، گندے اور خراب لیڈروں کا انتخاب کیوں کرتے ہیں۔ اپنے بچوں کے مستقبل کا سوچئے۔ خدا کے لیے اپنی آنکھیں کھولیے۔ خداکسی قوم کی حالت اس وقت تک نہیں بدلتا جب تک وہ اپنی حالت خود نہ بدلیں۔

(جاری ہے)

کرپٹ اور جابر حکمران اپنے کتوں کے لیے بھی ائیر کنڈیشن لگاتے ہیں۔ یہاں غریب کے بچے کے لیے بجلی اور پانی نہیں۔

لوگ گندا اور خراب پانی پینے پر مجبور ہیں۔ گلیاں کچرے سے بھر چکی ہیں۔ تعلیم اور صحت کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ ان خراب لوگوں کے خلاف کھڑے ہوجائیں۔ ظالم حکمران کے سامنے کلمہ حق کہنا بھی جہاد ہے۔ ان کے خلاف جہاد کریں اور پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دیں۔ ہم انہیں رُلائیں گے اور جیلوں میں بھیجیں گے کیونکہ یہ چور اور ڈاکو ہیں۔ انہوں نے آپ کے بچوں کا پیسہ کھایا ہے اور آپ کا پیسہ کھایا ہے۔ یہ لوگ آپ کی دوائیاں اور ہسپتالوں کا پیسہ کھا گئے ہیں۔ ہم ان کے منہ میں ہاتھ ڈال کر آپ کا پیسہ نکال لائیں گے۔ #