Live Updates

ٹی وی چینلز پر اشتہارات ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار،

الیکشن کمیشن نے چیئرمین پیمرا اور چیئرمین پی ٹی آئی کو خطوط ارسال کردیئے مختلف ٹی وی چینلز پر پی ٹی آئی کی جانب سے چلائے جانیوالے اشتہارات میں دیگر سیاسی جماعتوں کیخلاف توہین آمیز، نازیبا زبان کا استعمال ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے، الیکشن کمیشن کا چیئرمین پی ٹی آئی کو خط

منگل 10 جولائی 2018 22:38

ٹی وی چینلز پر اشتہارات ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2018ء) الیکشن کمیشن نے ٹی وی چینلز پر تحریک انصاف کے اشتہارات کو میڈیا کے لئے جاری ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے چیئرمین پیمرا اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو الگ الگ خطوط ارسال کئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ دوسری سیاسی جماعتوں کیخلاف توہین آمیز زبان کے استعمال سے گریز کیا جائے۔

منگل کو الیکشن کمیشن کی جانب سے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کوارسال کئے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ یہ بات الیکشن کمیشن کے نوٹس میں آئی ہے کہ مختلف ٹی وی چینلز پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے چلائے جانے والے اشتہارات میں دیگر سیاسی جماعتوں کے خلاف توہین آمیز، نازیبا زبان استعمال کی جا رہی ہیں جو کہ سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے لئے جاری کئے گئے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

خط میں عمران خان کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس قسم کے رجحانات سے گریز کیا جائے۔ اگر اس میں ناکامی ہوئی تو پھر الیکشن کمیشن قانون کے مطابق کارروائی کرے گا۔ الیکشن کمیشن نے چیئرمین پیمرا کے نام خط بھی ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ٹی وی چینلز پر چلائے جانے والے اشتہارات میں دیگر جماعتوں اور قیادت کے خلاف بیہودہ مواد الیکشن کمیشن کے سیاسی جماعتوں اورامیدواروں کے لئے جاری کئے گئے ضابطہ اخلاق کی شق 46 اور 47 کی خلاف ورزی ہے۔

اس صورتحال سے سیاسی جماعتوں کے درمیان باہمی کشمکش کا خدشہ ہے جس سے انتخابات میں امن و امان کا صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ الیکشن کمیشن کی یہ آئینی ذمہ داری ہے کہ ہر سیاسی جماعت اور انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے مساوی مواقع فراہم کرے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پیمرا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طورو پر تمام الیکٹرانک میڈیا کو یہ ہدایات جاری کرے کہ بیہودہ الفاظ پر مشتمل مہم پر مبنی اشتہارات چلانے سے گریز کریں۔ کمیشن کی جانب سے احکامات کی خلاف ورزی پر کسی بھی فرد یا متعلقہ محکمہ کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکتی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات