ن لیگ کے سابق رکن اسمبلی حنیف عباسی کی گرفتاری کیلئے رہائش گاہ پر چھاپہ

کیپٹن(ر) صفدر کی گرفتاری میں رکاوٹ ڈالنے والے دیگر لیگی رہنماؤں کے گھروں پر بھی چھاپے

muhammad ali محمد علی منگل 10 جولائی 2018 22:30

ن لیگ کے سابق رکن اسمبلی حنیف عباسی کی گرفتاری کیلئے رہائش گاہ پر چھاپہ
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جولائی2018ء) ن لیگ کے سابق رکن اسمبلی حنیف عباسی کی گرفتاری کیلئے رہائش گاہ پر چھاپہ، کیپٹن(ر) صفدر کی گرفتاری میں رکاوٹ ڈالنے والے دیگر لیگی رہنماؤں کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس نے کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری میں رکاوٹ ڈالنے کے معاملے پر ن لیگ کے سابق رکن اسمبلی حنیف عباسی کی گرفتاری کیلئے رہائش گاہ پر چھاپہ مارا ہے، تاہم لیگی رہنما فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

بعد ازاں حنیف عباسی نے میڈیا کو جاری پیغام میں کہا کہ وہ گرفتاری سے نہیں ڈرتے، اس لیے وہ کل گرفتاری دے دیں گے۔ دوسری جانب ن لیگی رہنما زیب النسا اعوان کے گھر پر چھاپہ مار کر ان کے شوہر کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق راولپنڈی پولیس نے ایون فیلڈ کیس میں سزا یافتہ اور سابق وزیراعظم نوازشریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری میں رکاوٹ ڈالنے والے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے گھروں میں چھاپے شروع کردیئے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی سلسلے میں پولیس نے سابق ایم پی زیب النساء اعوان کے گھر پر چھاپہ مار کر ان کے شوہر محمداقبال کو گرفتار کرلیا تاہم زیب النسا اعوان گرفتاری سے بچنے کیلئے روپوش ہوگئی ہیں۔ زیب النساء اعوان کیخلاف نیب ٹیم سے مزاحمت کا پرچہ درج ہے۔کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے موقع پر (ن) لیگ کے رہنماؤں اور کارکنان نے پولیس اور نیب ٹیم کے خلاف مزاحمت کی اور ریلیاں نکالی تھیں جس پر مسلم لیگ (ن) کے 15 رہنماؤں سمیت سیکڑوں افراد پر 3 مقدمات درج کئے گئے تھے۔ انسپکٹر محمد ارشد کی مدعیت میں ریلی نکالنے، سڑک بلاک کرنے اور ایمپلی فائر ایکٹ کی خلاف ورزی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ۔