پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کے جلسے میں خوفناک دھماکہ،اے این پی رہنما ہارون بلور سمیت متعدد افراد شہید

دھماکے کے بعد جلسہ گاہ میں بھگدڑ مچ گئی،پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچنا شروع ہوگئیں

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 10 جولائی 2018 23:59

پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کے جلسے میں خوفناک دھماکہ،اے این پی رہنما ..
پشاور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 10 جولائی 2018ء) :پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کے جلسے میں خوفناک دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں اے این پی رہنما ہارون بلور سمیت متعدد افراد شہید ہو گئے ہیں۔ دھماکے کے بعد جلسہ گاہ میں بھگدڑ مچ گئی،پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچنا شروع ہوگئیں۔تفصیلات کے مطابق کچھ دیر پہلے پشاور کے علاقے یکہ توت میں دھماکے کی آواز سنی گئی۔

پولیس اور متعلقہ اداروں کی جانب سے جگہ کا تعین کرنے پر معلوم ہوا کہ پشاورکے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کے جلسے میں خوفناک دھماکہ ہوا ہے۔دھماکہ اسٹیج کے قریب ہوا اس لئیے یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ دھماکے میں سیاسی قیادت کو نشانہ بنایا گیا ہے۔دھماکے سے قریبی املاک کو شدید نقصان پہنچا جبکہ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔

(جاری ہے)

اب تک موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں متعددافراد زخمی ہو چکے ہیں۔اس دھماکے میں بشیر بلور کے صاحبزادے ہارون بلور سمیت 3افراد شہید ہو چکے ہیں جبکہ 30سے زائد لوگ زخمی ہیں۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور متعلقہ ادارے موقع پر پہنچ گئے ہیں۔امدادی کاروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

دھماکے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کئیے جا رہے تھے۔عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ حملے وقت ہارون بلور انتخابی مہم میں مصروف تھے کہ اچانک دھماکہ ہوا اور ہر طرف زخمی اور لاشیں بکھر گئیں۔تازہ ترین معلومات کے مطابق ہارون بلور موقع پر شہید ہو چکے تھے تاہم انکی موت کی تصدیق ابھی کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ انکے والد بشیر بلور بھی اس پہلے دھماکے میں شہید ہو چکے ہیں۔