ہتھیار واپس لینے پر پولیس نے غلیل اور پتھر اٹھا لیے

بدھ 11 جولائی 2018 00:00

ہتھیار واپس لینے پر پولیس نے غلیل اور پتھر اٹھا لیے
میکسیکو کے الواراڈو ٹاؤن میں پولیس افسران  سے اسلحہ لے   لیا  گیا ہے۔یہ فیصلہ پولیس افسران کے فائر آرمز کنٹرول ٹسٹ میں ناکامی کے بعد کیا گیا۔
الواراڈو پولیس ڈیپارٹمنٹ میں 130 افراد کام کرتے ہیں۔ ان میں سے 30 افراد سے اسلحہ واپس لیا گیا۔ میکسیکو کی ریاست ویراکروز کے گورنر میگوئل اینجل یونزلیناریز کا کہنا ہے کہ دوسری میونسپلٹیوں میں بھی ایسے ہی اقدامات کیے جائیں گے۔

متاثرہ پولیس افسران نے گورنر کے اس فیصلے پر کافی تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ غیر مسلح ہو کر وہ علاقے میں موجود مجرمان سے نہیں نپٹ سکتے۔
الواراڈو کے میئر بوگر ریوز نے مقامی پولیس افسران کو غیر مسلح کرنے کے فیصلے پر احتجاج کیا ہے۔ انہوں نے ایک علامتی تقریب کا انعقاد کیا، جس میں غیر مسلح ہونے والے افسران کو غلیل اور پتھر دئیے گئے۔

(جاری ہے)

میئر نے تقریب میں کہا کہ پولیس ڈیپارٹمنٹ میں بہت سے لوگ نئے ہیں، اسی وجہ سے وہ اپنے کنٹرول ٹسٹ پاس نہیں کر سکے۔
گورنر کا کہنا ہے کہ الواراڈو کے غیر مسلح پولیس افسران اپنی ملازمت جاری نہیں رکھ سکیں گے کیونکہ غلیل اور پتھر کوئی ہتھیار نہیں، جن سے مجرمان کا مقابلہ کیا جائے۔
میکسیکو کے سوشل میڈیا پر پولیس کو غلیلوں اور پتھروں سے مسلح کیے جانے کی تصویریں وائرل ہو گئیں ہیں۔


یہ پہلی بار نہیں جب میکسیکو کی پولیس نے غلیلوں کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا شروع کیا ہے۔2007 میں میکسیکو کے سرحدی شہر تیجوانا میں فوج نے منشیات کے سمگلروں سے تعلقات کے الزام پر پولیس افسران  کے ہتھیار اپنے قبضے میں لے لیے تھے۔ تب پولیس آفسران کو شہر میں امن قائم کرنے کے لیے 60 غلیلیں اور پتھر دئیے گئے تھے۔