سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے کاغذات نامزدگی سپریم کورٹ میں چیلنج

چیف جسٹس آف پاکستان نے مسعود احمد عباسی کی درخواست پر سماعت کیلئے بینچ تشکیل دیدیا

جمعرات 12 جولائی 2018 18:14

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے کاغذات نامزدگی سپریم کورٹ میں چیلنج
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2018ء) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے کاغذات نامزدگی منظوری کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔شاہد خاقان عباسی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 57 راولپنڈی ون سے امیدوار ہیں جن کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کو درخواست گزار مسعود احمد عباسی کی جانب سے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ شاہد خاقان عباسی نے بیان حلفی اور کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی کی اس لیے انہیں الیکشن لڑنے کا لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔ درخواست گزار نے سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ شاہد خاقان عباسی کے نامزدگی فارم مسترد کیے جائیں۔دوسری جانب چیف جسٹس آف پاکستان نے مسعود احمد عباسی کی درخواست پر سماعت کیلئے بینچ تشکیل دے دیا۔یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کے ایپلٹ ٹریبونل نے شاہد خاقان عباسی کو تاحیات نااہل قرار دیا تھا جس کے خلاف انہوں نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا جس نے انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دیتے ہوئے ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیا تھا۔