ترقی یافتہ قوموں کے پیچھے ہمیشہ اساتذہ کرام کا کلیدی کردار رہا ہے، نگران وزیراعلیٰ علائو الدین مری

جو قومیںفروغ تعلیم کے لئے اپنی زندگیاں وقف کرتی ہیں انہیں معاشرے میں اعلیٰ مقام حاصل ہے، حکومت درس وتدریس سے وابستہ افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، اساتذہ وفد سے گفتگو

جمعرات 12 جولائی 2018 23:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جولائی2018ء) نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میرعلائو الدین مری نے کالج اساتذہ کو درپیش مسائل حل کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترقی یافتہ قوموں کے پیچھے ہمیشہ اساتذہ کرام کا کلیدی کردار رہا ہے جوفروغ تعلیم کے لئے اپنی زندگیاں وقف کرتے ہیں جنہیں معاشرے میں اعلیٰ مقام حاصل ہے، حکومت کالج اساتذہ کو درپیش مشکلات کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھاتے ہوئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے جمعرات کے روز پروفیسر آغا زاہد کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ وفد نے وزیراعلیٰ کو لیکچررز اور پروفیسرز کو درپیش مشکلات، ہائیر ایجوکیشن الاؤنس پر عملدرآمد سمیت مختلف مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے فوری حل کے لئے وزیراعلیٰ سے درخواست کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اساتذہ کرام کا اعلیٰ مقام ہے ہم انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ملک اور صوبے کی ترقی اور جہالت کے خاتمے میں اساتذہ کانمایاں کردار ہے اور امید کرتے ہیں کہ اساتذہ کرام درس وتدریس کے اس مقدس پیشے میں ہمیشہ ایمانداری سے اپنی خدمات سرانجام دیتے رہیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت درس وتدریس سے وابستہ افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاہم محدود وسائل کے سبب حکومتی خزانے کو کافی مشکلات کا سامنا ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اساتذہ کو معاشرے میں ان کا جائز مقام دلائے اور یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اس مقدس پیشہ سے وابستہ افراد کی زیادہ سے زیادہ قدروعزت کریں ،وزیراعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ ہائیر ایجوکیشن الاؤنس سمیت لیکچررز اور پروفیسرز کو درپیش مشکلات کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ لیکچررز اور پروفیسرز کے لئے ہائیر ایجوکیشن الاؤنس کے اجراء کو جلد سے جلدیقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اساتذہ کو درپیش دیگر مشکلات کے حل کے لئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔

وفد نے تحمل اور ہمدردی سے ان کے مسائل سننے اور ان کے حل کے لئے احکامات جاری کرنے پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا ۔