Live Updates

محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم صفدر کو لاہور ائیرپورٹ پر پہنچتے ہی گرفتار کر لیا جائے گا،

امن و امان برقرار رکھنے کے لیے نیب کو دو ہیلی کاپٹر فراہم کر دئیے گئے ہیں نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات بیرسٹر سید علی ظفر کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

جمعہ 13 جولائی 2018 16:25

محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم صفدر کو لاہور ائیرپورٹ پر پہنچتے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2018ء) نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قانون و انصاف بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم صفدر کو جمعہ کو لاہور ائیرپورٹ پر پہنچتے ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف اور مریم صفدر کی گرفتاری میں تعاون کی فراہمی کے لیے نگران حکومت پابند ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے نیب کو دو ہیلی کاپٹر فراہم کر دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کے لیے نیب حکام ائیر پورٹ جا رہے ہیں۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ محمد نواز شریف اور مریم صفدر کو ائیرپورٹ سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد ضروری ہے کیونکہ آئین و قانون کے سامنے ہر شہری برابر ہے تاہم اگر کسی کو کوئی تحفظات ہیں تو اسے عدالتوں سے رجوع کرنا چاہیئے۔

امن و امان کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کی ذمہ داری پنجاب حکومت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واضح رہے کہ احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں محمد نواز شریف کو 10 سال اور مریم صفدر کو 7 سال کی قید سنائی ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات