ٹیکس ایمنستی اسکیم 2018ء تمام پاکستانیوں کیلئے ہے،

تاجر برادری اس اسکیم سے بھر پور فائدہ اٹھاسکتی ہے،ٹیکس ایمنسٹی اسکیم 2018 کی معیاد میں31 جولائی 2018 تک توسیع کردی گئی ہے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ممبر ندیم ڈار کی کوئٹہ چیمبر آف سمال انڈسٹریز میں تاجروں کو بریفنگ

جمعہ 13 جولائی 2018 16:29

ٹیکس ایمنستی اسکیم 2018ء تمام پاکستانیوں کیلئے ہے،
کوئٹہ۔12جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2018ء) فیڈرل بورڈ آف ریو نیو کے زیر اہتمام ٹیکس ایمنسٹی اسکیم 2018 سے متعلق تاجر برادری کی رہنمائی اور آگاہی کے لئے کوئٹہ چیمبر آف سمال انڈسٹریز میں ایک آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا ۔ سیشن میں نگران صوبائی وزیر ترقی نسواں ، بہبود آبادی و سماجی بہبود محترمہ فرزانہ کریم بلوچ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

سیشن میں فیڈرل بورڈ آف ریو نیو کے ممبرایچ آر ایم ندیم ڈار ، چیف کمشنر و ڈاکٹر اشفاق احمد ، کمشنر صاحب زادہ عبدالمتین خان ، ایڈیشنل کمشنرزعبدالمالک درانی ، رحمت اللہ خان درانی ، اسد خان لونی اور تاجر برادری کے نمائندے بھی موجود تھے۔ تقریب کے شرکاء کو فیڈرل بورڈ آف ریو نیو کے ممبر ندیم ڈارنے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم 2018 کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ یہ اسکیم تمام پاکستانیوں کے لئے ہے اس سے ٹیکس نیٹ ورک میں مزید اضافہ ہو گا جس سے قومی خزانہ کو کافی فائدہ ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ تاجر برادری اس اسکیم سے بھر پور فائدہ اٹھاسکتی ہے اورمستقبل میں قانونی پیچید گیوں سے بچا جاسکتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پارلیمنٹ سے منظور شدہ وولنٹری ڈیکلریشن ڈومیسٹک ایسٹس ایکٹ 2018کے تحت غیرظاہر شدہ آمدن اور اندورن ملک اثاثوں کی صور ت میں کمپنیاں ، اے او پنر اورمتعلقہ افراد کیٹگری کے مطابق 2فیصد یا 5 فیصد ٹیکس ادا کر کے اپنی آمدن اور اندرون ملک اثاثے ظاہر کرسکتے ہیں اور معمولی شرح ٹیکس ، بغیر جرمانہ سرچارج اور کسی بھی پوچھ گچھ کے بغیر فوائد حاصل کئے جاسکتے ہیںانہوں نے کہا کہ اب ٹیکس ایمنسٹی اسکیم 2018 کی معیاد میں31 جولائی 2018 تک توسیع کردی گئی ہے اور جو لوگ ٹیکس ادا نہیں کرتے انہیں ٹیکس نیٹ میں لایا جارہا ہے ۔

اس موقع پر نگران صوبائی وزیر محترمہ فرزانہ کریم بلوچ نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم 2018 کو صوبے کی تاجر برداری کیلئے ایک مؤثر اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اسکیم کے تحت نہ صرف پاکستان بلکہ بلوچستان کی معیشت مستحکم ہوگی اورملک میں ٹیکس دینے والوں کی تعداد میں بھی کافی اضافہ ہوگا جوکہ ایک خوش آئند بات ہے۔ نگران وزیر نے حکومتی اسکیم کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی حکومت ایسی مفید ٹیکس اسکیموں کا اجراء کرکے تاجر برادری اور سرمایہ کاروں کو سہولیات مہیاکرے گی ۔

انہوںنے ایف بی آر کی کار کردگی کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریو نیو کے اعلیٰ افسران سمیت دیگر عملہ بزنس کمیونٹی کی بھر پور معاونت کرتا آرہا ہے ۔ صوبائی وزیر نے تاجر برادری اور عوام پر زور دیا کہ وہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے بھر پور استفادہ کریںاس موقع پر تاجر برداری کے نمائندوں اور چیمبر کے ارکان کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے چیف کمشنر ڈاکٹر اشفاق احمد اور کمشنر صاحب زادہ عبدالمتین خان نے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ جو لوگ ٹیکس نہیں دیتے ان کے لئے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم ایک بہترین موقع ہے ۔

جسے صوبہ بلوچستان کا تمام کاروباری حلقہ بھر پور فائدہ اٹھا سکتا ہے ۔سیشن کے اختتام پر مزید ایسے اقدامات اور آگاہی پروگرامز منعقد کرنے کی تجاویز کا خیر مقدم کیا گیا ۔