بیجنگ، چاقو زنی سے زخمی نانجنگ یونی ورسٹی کا پاکستانی طالب علم اسپتال میں دم توڑ گیا

مقتول کی شناخت معیز الدین کے نام سے ہوئی ہے، میت کی واپسی کیلئے حکام سے رابطے میں ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

ہفتہ 14 جولائی 2018 17:59

بیجنگ، چاقو زنی سے زخمی نانجنگ یونی ورسٹی کا پاکستانی طالب علم اسپتال ..
بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جولائی2018ء) چین میں چاقو زنی سے زخمی نانجنگ یونی ورسٹی کا پاکستانی طالب علم اسپتال میں دم توڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق چین میں چاقو زنی کی واردات میں زخمی ہونے والا پاکستانی طالب علم دوران علاج اسپتال میں دم توڑ گیا۔ مقتول نانجنگ نارمل یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھا۔چین کے شہر نانجنگ میں چینی شہری کی جانب سے چاقو کے وار میں زخمی ہونے والا 26 سالہ پاکستانی شہری زخموں کی تاب لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گیا ہے۔

چینی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوان 2017 سے چین کی نانجنگ نارمل یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھا، جس کی شناخت معیز الدین کے نام سے ہوئی ہے۔چینی پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ نوجوان 11 جولائی کی رات سڑک پر اپنی گرل فرینڈ کے ہمراہ بس کا انتظار کررہا تھا کہ اس دوران ایک 28 سالہ چینی شہری سے نامعلوم وجوہات کی بنا پر ہاتا پائی ہوگئی، جس کے بعد چینی شخص وہاں سے چلا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ملزم چند لمحوں بعد تیز دھار چاقو کے ہمراہ واپس آیا اور پاکستانی نوجوان پر چاقو کے متعدد وار کیے، جس کے نتیجے میں معیز الدین شدید زخمی ہوگیا تھا۔چین کے طبی امداد فراہم کرنے والے عملے کا کہنا تھا کہ پاکستانی شہری کو انتہائی تشویش ناک حالت میں اسپپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم معیز الدین ایک روز زیر علاج رہنے کے بعد اسپتال میں دم توڑ گیا۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی مشن نے شنگھائی میں متعلقہ حکام نے فوری رابطہ کیا تھا ساتھ ساتھ پولیس کو بھی معاملے کی تحقیقات کرکے انصاف فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ چینی حکومت نے بھی واقعے کے حوالے ہر ممکن تعاون کرنے کی تقین دہانی کروائی ہے، پاکستانی مشن اور ہماری وزارت چین میں قتل ہونے والے نوجوان کے اہل خانہ سے رابطے میں ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستانی طالب علم کی میت کو پاکستان لانے کیلئے متعلقہ حکام سے رابطے جاری ہیں۔