Live Updates

کامیاب ہوکر لکی مروت کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرونگا،انعام انقلابی

پیر 16 جولائی 2018 18:48

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار برائے قومی اسمبلی این اے 36 لکی مروت انعام اللہ انقلابی نے کہا ہے کہ کامیاب ہوکر لکی مروت کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کروں گا، ملک کے دیگر حلقوں کی طرح لکی مروت میں حقیقی تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے 25 جولائی کو مفاد پرست عناصر اور خان خوانین کو عبرتناک شکست ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روزپاکستان پیپلز پارٹی کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں منتخب امیدواروں نے ہمیشہ لکی مروت کے عوام کو دھوکہ دیا ہے جس کی بدولت لکی مروت کا شمار پسماندہ اضلاع میں ہوتا ہے،اگر عوام نے مجھ پر اعتماد کیا تو لکی مروت کو جدید اضلاع کی صف میں شامل کرنے کے لئے بھرپور جدوجہد کروں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ ملک شدید بحرانوں کی زد میں ہے، پاکستان پیپلز پارٹی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی ملک بھر میں کلین سویپ کرے گی،بے نظیر بھٹو شہید کے ادھورے مشن کی تکمیل کے لئے میدان میں اترے ہیں، تحریک انصاف نے تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا جس کا بدلہ عوام ان سے انخابات میں شکست کی صورت میں لیں گے، پاکستان پیپلز پارٹی ہی ملک میں حقیقی تبدیلی لاسکتی ہے، ملک میں حقیقی تبدیلی کے لئے عوام 25 جولائی کو تیر پر مہر لگائیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات