نریندرمودی ایسٹ انڈیا کمپنی کی پالیسی پر چل رہے ہیں، بھارتی اپوزیشن جماعت

منگل 17 جولائی 2018 13:11

نئی دہلی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2018ء) بھارتی اپوزیشن جماعتکانگریس نے الزام لگایا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی 2019ء میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی شکست کو یقینی مان کر سماج کو بانٹنے والی ایسٹ انڈیا کمپنی کی پالیسی اپنا کر دوبارہ اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں تاہم کانگریس ان کے اس خواب کو پورا نہیں ہونے دے گی۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق کانگریس کے محکمہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سرجیوالا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بی جے پی ایسٹ انڈیا کمپنی کا نیا ورژن ہے اور وہ تقسیم کی پالیسی اپنا کر پھر اقتدار کا خواب دیکھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس ملک کے تمام طبقات کی نمائندگی کرتی ہے اس لئے وہ سماج کو بانٹنے کی بی جے پی کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سماج میں تقسیم بی جے پی کا ایجنڈا بن گیا ہے۔ مودی حکومت ملک کی سلامتی، کسانوں کی دقت، کاروباریوں کے بحران، بے روزگاروں کو روزگار دینے، کالا دھن واپس لانے، مہنگائی کم کرنے جیسے تمام وعدوں پر ناکام رہی ہے لہذا ان مسائل پر پردہ ڈالنے کے لئے ایسٹ انڈیا کمپنی کا نیا ورژن بن کر ملک کوتقسیم کرنیکی کوشش کررہی ہے۔

سرجیوالا نے کہا کہ مودی حکومت کی عام انتخابات میں شکست یقینی ہے اس لئے ان کا ایک نیاچہرہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کئی حصوں میں لوگ قدرتی آفات میں مبتلا ہیں اور حکومت سے مدد کی اپیل کررہے ہیں۔ گجرات سے لے کر مہاراشٹر اور آسام تک ملک کا ایک تہائی حصہ سیلاب کے پانی میں ڈوبا ہے تاہم مودی ریلیوں میں ڈوبے ہیں۔