عوام 25جولائی کو ملک سے سیاسی و معاشی دہشتگردوں کا ووٹ کی طاقت سے خاتمہ کرے ‘ذکر اللہ مجاہد

ایم ایم اے کی دیانتدار اور محب وطن قیادت ہی ملک و قوم کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے‘تقریب سے خطاب

جمعرات 19 جولائی 2018 21:31

عوام 25جولائی کو ملک سے سیاسی و معاشی دہشتگردوں کا ووٹ کی طاقت سے خاتمہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) صدر متحدہ مجلس عمل و امیر جماعت اسلامی لاہور اور امیدوار پی پی 173 ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ عوام 25 جولائی کو ملک سے سیاسی و معاشی دہشتگردوں کا ووٹ کی طاقت سے خاتمہ کرے پاکستانی قوم تمام تر وابستگیوں سے بالا تر ہو کر ایم ایم اے کی دیانتدار قیادت کا ساتھ دے اور ملک کو اسلامی و فلاحی ریاست بنانے میں اپنا کر دار ادار کرے ۔

جب تک ملک سے چوروں ،لیٹروں اور خاندانی سیاست کرنے والوں کا خاتمہ نہیں ہو گا اس وقت تک ملک وقوم کے ساتھ آنے والی نسلیں قرضوں اور بے روزگاری اور بے پناہ مسائل کی دلدل میں دھنس جائیں گئیں۔ان خیالا ت کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے این اے 135پی پی 173 میں انجمن رفاع عامہ منصورہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو قائد و اقبال کا اسلامی جمہوری پاکستان بنانے کیلئے دیانتدار اور محب وطن قیادت کی ضرورت ہے اورجب تک قوم صاف ستھری اور دیانتدار قیادت کا انتخاب نہیں کرتی اس وقت تک تکمیل پاکستان کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔

ملک وقوم کے تمام مسائل کا حل اللہ اور رسولؐ کے نظام کے نفاذ میں پوشیدہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سترہ سال سے ملک وقوم کولوٹنے والے سیاسی و معاشی دہشت گرد وں نے پاکستان کو بے تحاشہ نقصان پہنچایا ہے جس کی تلافی کیلئے اب 2018 کے انتخابات میں عوام کو مفاد پرستی، موروثی اور لوٹا کریسی کی سیاست کرنے والے سیاستدانوں کو یکسر مسترد کر دے اور ملک کو صالح دیندار قیادت کے ہاتھوں میں سپرد کرے تاکہ ملک کواسلامی و فلاحی ریاست بنایا جا سکے جس میںامیر و غریب کیلئے صحت وتعلیم اور انصاف ایک جیسا ہوگا ۔ایم ایم اے کی دیانتدار اور محب وطن قیادت ہی ملک و قوم کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔