Live Updates

اڈیالہ جیل میں کیپٹن (ر) صفدر کی طبیعت خراب ہو گئی

ڈاکٹرز کی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچ گئی ۔ جیل ذرائع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 21 جولائی 2018 12:54

اڈیالہ جیل میں کیپٹن (ر) صفدر کی طبیعت خراب ہو گئی
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 جولائی 2018ء) : اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی۔ کیپٹن (ر) صفدر کی طبیعت خراب ہونے پر راولپنڈی ڈسٹرکٹ اسپتال سے ڈاکٹرز کا عملہ اڈیالہ جیل پہنچ گیا۔ اڈیالہ جیل میں ڈاکٹرز کیپٹن (ر) صفدر کا طبی معائنہ کر رہے ہیں۔ کیپٹن (ر) صفدر کی طبیعت سے متعلق ڈاکٹرز کا بیان سامنے نہیں آیا البتہ جیل ذرائع کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر پیٹ کی تکلیف کی وجہ سے بیمار ہوئے۔

یاد رہےکہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کو 9 جولائی کو اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کو 9 جولائی کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے سامنے پیش کیا گیا ۔

(جاری ہے)

کیپٹن (ر) صفدر کو بکتر بند گاڑی میں عدالت لایا گیا جہاں انہیں جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا۔ جس کے بعد کیپٹن (ر) صفدر کواحتساب عدالت کے حکم پر ایک سال کے لیے اڈیالہ جیل منتقل کر دیاگیا تھا۔

خیال رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں مجرم قرار پائے سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کو 8 جولائی کو نیب کی دو رکنی ٹیم نے راولپنڈی گرفتار کیا تھا۔ جس کے کچھ ہی دن بعد 13 جولائی کو نواز شریف اور مریم نواز کو بھی لاہور ائیر پورٹ سے گرفتار کر کے اڈیالہ جیل منتقل کیاگیا۔ جیل ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف اڈیالہ جیل میں اپنے داماد کیپٹن (ر) صفدر کے ساتھ پانچ وقت نماز اور رات کو نوافل کی ادائیگی بھی کر رہے ہیں جبکہ نواز شریف علی الصبح اپنے داماد کیپٹن (ر) صفدر کے ہمراہ چہل قدمی بھی کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو مجموعی طور پر 11 سال ، مریم نواز کو مجموعی طور پر 8 سال جبکہ کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنا رکھی ہے۔ جس پر تینوں مجرمان اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات