چیف جسٹس پاکستان کا جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے بیان پر شدید ردعمل

اسلام آباد کے ایک جج کا بیان پڑھا بہت افسوس ہوا، بطورعدلیہ سربراہ یقین دلاتا ہوں کہ ہم پر کسی کا دباؤ نہیں، جسٹس ثاقب نثار

اتوار 22 جولائی 2018 14:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ اسلام آباد کے ایک جج کا بیان پڑھا جس پر بہت افسوس ہوا، بطور عدلیہ سربراہ یقین دلاتا ہوں کہ ہم پر کسی کا دباؤ نہیں۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ہم پوری طرح آزاد اور خود مختار کام کر رہے ہیں اور میں سختی کے ساتھ واضح کر رہا ہوں کہ ہم پر کوئی دباؤ نہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق چیف جسٹس نے کہاکہ اس طرح کے بیانات ناقابلِ فہم اور ناقابلِ قبول ہیں، جائزہ لیں گے کہ جج کے خلاف کیا قانونی کارروائی ہوسکتی ہے، ان کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے اور حقائق قوم کے سامنے لائیں گے، میں سختی کے ساتھ واضح کررہا ہوں کہ ہم پر کوئی دباؤ نہیں۔یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے حال ہی میں ایک کیس کی سماعت اور تقریب سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ عدلیہ میں ججز کو اپروچ کیا جارہا ہے اور ججز کے فون ٹیپ کئے جاتے ہیں، ان کی زندگیاں محفوظ نہیں ہیں۔