کرپشن اور دہشت گردی کا خاتمہ کرنا اولین ترجیح ، کرپٹ زدہ لوگوں کے ہوتے ہوئے پاکستان ترقی نہیں کرسکتا، مزمل اقبال ہاشمی

اتوار 22 جولائی 2018 19:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2018ء) ملی مسلم لیگ پاکستان کے نائب صدر اور حلقہ این اے 242 سے نامزد امیدوار مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ ملک سے کرپشن اور دہشت گردی کا خاتمہ کرنا اولین ترجیح ہے۔ کرپٹ زدہ لوگوں کے ہوتے ہوئے پاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔ عوام پاکستان کے استحکام اور غربت کے خاتمہ کے لیے 25جولائی کو کرسی پر مہر لگائیں۔

سیاسی لٹیروں اور ملک دشمنوں کی چالبازیوں میں آنے کی بجائے ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ امیدواروں کوووٹ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقے این اے 242 اور پی ایس 99 سکندر گوٹھ، پی ایس 100 سچل گوٹھ میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں اہل محلہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر حلقہ پی ایس 99 سے نامزد امیدوار علی گبول، پی ایس 100 سے نامزد امیدوار محمد ارباب و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ حقیقی تبدیلی اور خزانے کے تحفظ کے لیی25 جولائی کو کرسی پر مہر لگائیں۔ ہم خدمت انسانیت کے جذبے سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہم مظلوموں کی داد رسی کریں گے اور غریبوں کے شانہ بشانہ چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک لوٹنے والے اور عوام کے حقوق غصب کرنے والوں کا محاسبہ ضرور ی ہے۔ ہم کرپشن کا خاتمہ کریں گے اور وطن عزیز کو پرامن، دہشت گردی سے پاک پاکستان بنائیں گے۔ #