Live Updates

پی ٹی آئی کی منحرف رہنما عائشہ گلالئی کو پی ٹی آئی چھوڑنا مہنگا پڑ گیا

عائشہ گلالئی کسی ایک حلقے سے بھی کامیابی نہ سمیٹ سکیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 26 جولائی 2018 12:51

پی ٹی آئی کی منحرف رہنما عائشہ گلالئی کو پی ٹی آئی چھوڑنا مہنگا پڑ گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جولائی 2018ء) : پی ٹی آئی کی منحرف رہنما اور تحریک انصاف گلالئی کی سربراہ عائشہ گلالئی کو پی ٹی آئی کے خلاف جانا اورپارٹی چھوڑنا مہنگا پڑ گیا۔ عام انتخابات 2018ء میں عائشہ گلالئی نے قومی اسمبلی کے 6 حلقوں سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا، ساتھ ہی انہوں نے عمران خان کو بھی چیلنج کیا تاہم عام انتخابات 2018ء کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق عائشہ گلالئی عام انتخابات 2018ء میں کوئی ایک کامیابی بھی نہ سمیٹ سکیں۔

عائشہ گلالئی کو قومی اسمبلی کی نشستوں سے شکست کا چوکا پڑ گیا۔ این اے 53 اسلام آباد سے بھی شکست ہی عائشہ گلالئی کا مقدر بنی۔ یاد رہے کہ عائشہ گلالئی نے این اے 153 میں پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کو چیلنج کر رکھا تھا۔

(جاری ہے)

اب تک موصول ہونے والے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق این اے 53 میں پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کو برتری حاصل ہے۔ عمران خان 92891 ووٹ لے کر آگے جبکہ مسلم لیگ ن کے اُمیدوار اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اس کانٹے دار مقابلے میں 44314 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پرہیں۔

قومی اسمبلی کے دیگر حلقوں میں بھی قسمت نے عائشہ گلالئی کا ساتھ نہ دیا اور ان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ یاد رہے کہ وزیرستان سے تعلق رکھنے والی عائشہ گلالئی پاکستان تحریک انصاف میں اہم کردار ادا کرتی رہیں لیکن گذشتہ سال انہوں نے پارٹی چئیرمین عمران خان پر نازیبا پیغامات بھیجنے اور جنسی ہراساگی کا الزام عائد کیا اور پی ٹی آئی سے راہیں جُدا کر لیں۔

پی ٹی آئی سے راہیں جُدا کرنے کے بعد عائدشہ گلالئی نے تحریک انصاف گلالئی کے نام سے اپنی پارٹی بنائی اور اسے الیکشن کمیشن میں رجسٹر کروانے کے بعد الیکشن 2018ء کے لیے بلے باز کا انتخابی نشان حاصل کیا۔ عائشہ گلالئی کی شکست پر سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ عائشہ گلالئی کا بلے باز بلا نہیں گھُما سکا بلکہ اُلٹا پی ٹی آئی کے بلے نے عائشہ گلالئی کے بلے باز کو گھُما کر رکھ دیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات