Live Updates

لاہور کے حلقہ این اے 125 سے مسلم لیگ ن کے وحید عالم خان کامیاب

پی ٹی آئی کی رہنما یاسمین راشد کو دوبارہ شکست ہو گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 26 جولائی 2018 12:58

لاہور کے حلقہ این اے 125 سے مسلم لیگ ن کے وحید عالم خان کامیاب
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جولائی 2018ء) : لاہور کے حلقہ این اے 125 سے پاکستان مسلم لیگ ن کے اُمیدوار وحید عالم خان کامیاب ہو گئے ۔ این اے 125 کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے اُمیدوار وحید عالم خان کامیاب ہو گئے جبکہ پی ٹی آئی کی اُمیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مسلم لیگ ن کے اُمیدوار وحید عالم خان حلقے سے ایک لاکھ 22 ہزار 627 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد نے ایک لاکھ 5 ہزار 857 ووٹ حاصل کیے۔

یاد رہے کہ عام انتخابات 2018ء کے تحت گذشتہ روز ملک بھر میں پولنگ ہوئی۔ گذشتہ روز دن بھر عوام نے پولنگ اسٹیشنز کا رُخ کیا اور اپنے پسندیدہ اُمیدوار اور جماعت کو ووٹ ڈالا۔ انتخابات 2018ء کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کے روز ہونے والے پاکستان کے عام انتخابات کے سلسلے میں پولنگ شام 6 بجے ہی ختم ہوگئی تھی۔ پولنگ ختم ہونے کے ایک گھںٹے بعد غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ شروع ہوا۔

اس سلسلے میں قومی اسمبلی کی 272 میں سے 260 نشستوں کے 20 سے 25 فیصد پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج بھی سامنے آ چکے ہیں۔ اب تک موصول ہونے والے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف باقی جماعتوں پر برتری حاصل کیے ہوئے ہے۔ قومی اسمبلی کی 272 میں سے 260 نشستوں کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں سے تحریک انصاف اب تک کل 120، ن لیگ کو 61، پیپلز پارٹی کو 40 جبکہ آزاد اُمیدواروں 16 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔

مزید غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے مقابلے میں ن لیگ ایک اور اپ سیٹ شکست کے دہانے پر ہے۔ لیکن کچھ حلقوں میں ن لیگ کو کامیابی بھی ہوئی جس نے ن لیگی کارکنان اور قیادت کو مزید مایوس ہونے سے بچا لیا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق این اے 126 میں بھی مسلم لیگ ن کامیاب ٹھہری جبکہ شکست پاکستان تحریک انصاف کا مقدر بنی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات