لاہور ہائیکورٹ بار کی انتخابات کے پرامن، شفاف اور غیر جانبدارانہ انعقاد پر عبوری حکومت کو مبارکباد

حکومت نے انتہائی جانفشانی اور لگن سے الیکشن کرا کر اپنا قومی فریضہ احسن طریقے سے نبھایا،الیکشن کمیشن ، سکیورٹی اداروں کو بھی مبارکباد دی کوئٹہ میں بم دھماکہ کی مذمت ،بلوچستان کے عوام نے الیکشن میں بھرپور حصہ لیکر ملک دشمن ،جمہوریت مخالف قوتوں کے منہ پر تھپڑ رسید کیا‘عہدیداران

جمعرات 26 جولائی 2018 13:21

لاہور ہائیکورٹ بار کی انتخابات کے پرامن، شفاف اور غیر جانبدارانہ انعقاد ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2018ء) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے عام انتخابات کے پرامن، شفاف اور غیر جانبدارانہ انعقاد پر عبوری حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے انتہائی جانفشانی اور لگن سے 25جولائی 2018کو الیکشن کرا کر اپنا قومی فریضہ احسن طریقے سے نبھایا،انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور سیکورٹی ایجنسیوں کو احسن طریقے سے انتخابی عمل سے عہدہ برآ ہونے پر مبارکباد دی۔

صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن انوارالحق پنوں،نائب صدر چوہدری نور سمند خان،سیکرٹری حسن اقبال وڑائچ اور فنانس سیکرٹری حافظ اللہ یار سپراء نے جیتنے والی سیاسی جماعت کو مبارکباد دی اور کہا کہ جو سیاسی جماعتیں ہار گئی ہیں وہ بھی مبارکباد کی مستحق ہیں کہ ان جماعتوں کے تعاون سے وطن عزیز میں جمہوریت کو استحکام حاصل کرنے میں مدد ملی ہے اور جمہوری پودے کو تنا ور درخت بننے میں انکے کردار کو ہمیشہ سراہا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے جیتنے والی جماعتوں سے توقع ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر قابل اعتماد اور امن ملک کا علمبردار ہونے کے حوالہ سے روشناس کرانے میں اپنی توانائیاں صرف کریں گے اور وطن کے باسیوں کی فلاح و بہبود اور امنگوں پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے اللہ رب العزت سے آنیوالی حکومت کی کامیابی و کامرانی کیلئے دعا کی۔ عہدیداران نے کوئٹہ میں بم دھماکہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے بلوچستان اور خیبر پختوانخوہ کے عوام کے عزم اور حوصلہ کی داد دیتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن اور جمہوریت مخالف قوتوں کے منہ پر بلوچستان کے عوام نے تھپڑ رسید کرتے ہوئے الیکشن میں بھر پور حصہ لیکر ثابت کیا کہ وہ جمہوریت پسند اور وطن دشمنوں سے نفرت کرنے والے لوگ ہیں۔

انہوں نے شہداکی بلندی درجات، لواحقین کے صبر جمیل اور زخمیوںکی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔