پنجاب میں 12روزہ انسداد خسرہ مہم پندرہ اکتوبر سے شروع ہو گی ، سیکرٹری ہیلتھ پنجاب

جمعرات 26 جولائی 2018 17:54

لاہور۔26جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2018ء) پنجاب میں خسرہ کی بیماری کے خاتمہ کیلئے پندرہ اکتوبر سے 12روزہ انسداد خسرہ مہم چلائی جائے گی جو 27اکتوبر تک جاری رہے گی،اس مہم کے دوران 20ملین بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کی ویکسین کے ٹیکے لگائے جائیں گے،یونیسف مہم کیلئے ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گا،اس بات کا اعلان سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ پنجاب علی بہادر قاضی کے ساتھ یونیسف کے وفد کی ملاقات میں کیا گیا، وفد میں ڈاکٹر طاہر منظور، ڈاکٹر مشتاق رانا،ڈاکٹر قرة العین، ڈاکٹر نائلہ، ڈاکٹر شفیق اور ڈاکٹر شگفتہ شامل تھیںجبکہ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر منیر احمد، ٹیکنیکل ڈائریکٹر پی ایس پی یوڈاکٹر ندیم ذکاء، پراجیکٹ ڈائریکٹرپی ایس پی یوڈاکٹر شگفتہ زرین اور ڈائریکٹر آپریشن ڈاکٹر ید اللہ نے بھی شرکت کی،اجلاس کو بتایا گیا کہ انسداد خسرہ مہم کیلئے پورے صوبے میں مائیکرو پلان تیار کرلیا گیا ہے اور 30جولائی سے یونیسف کا سٹاف تمام اضلاع میں جا کر سی ای او ہیلتھ کے ساتھ مشترکہ طور پر مذکورہ مائیکروپلان کی چیکنگ کریں گے، ڈاکٹر طاہر منظور نے بتایا کہ یونیسف صوبہ پنجاب میں ای پی آئی پروگرام ، کولڈ چین مینجمنٹ ، بچوں کے متعدی امراض پر قابو پانے کیلئے پنجاب اربن ہیلتھ سٹریٹجی میں تعاون کرنے کے علاوہ نومولود بچوں کی دیکھ بھال ، نمونیہ اور اسہال کے امراض پر قابو پانے میں بھی ٹیکنیکل تعاون، سٹاف کی تربیت ، کپسٹی بلڈنگ اور فنڈنگ بھی کررہا ہے، مزید برآں ہیلتھ پرووائیڈرز اور عام لوگوں میں صحت سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لئے محکمہ صحت کو یونیسف کا تعاون حاصل ہے، ڈاکٹر مشتاق رانا کا کہنا تھا کہ ہر سال پاکستان میں نومولود اور چھوٹے بچوں کی ہلاکتوں کی بنیادی وجوہات میں نمونیہ اور اسہال سرفہرست ہیں،ڈاکٹر طاہر منظور نے بتایا کہ نومولود بچو کی حفاظت اور بہتر نشوونما کے لئے کینگرومدر کیئر کا پائلٹ پراجیکٹ متعدد اضلاع میں کام کررہا ہے جسے مزید وسعت دی جائے گی،انہوں نے بتایا کہ نومولود بچوں میں انفیکشن کنٹرول کیلئے سکلڈ برتھ اٹنڈنٹس اور دیگر سٹاف کو تربیت دینے کے ساتھ ادویات بھی یونیسف کی جانب سے مہیا کی جارہی ہیں، یونیسف کے وفد نے ماں بچہ کی صحت کو بہتر بنانے اور اس حوالے سے 2018ء کے دوران اقدامات بارے سیکرٹری ہیلتھ علی بہادر قاضی کو بریف کیا،سیکرٹری ہیلتھ علی بہادر قاضی نے پنجاب میں انسداد خسرہ کی مہم چلانے کیلئے شیڈول کے اعلان اور اس میں ہرقسم کا تعاون فراہم کرنے پر یونیسف کا شکریہ ادا کیا، سیکرٹری صحت نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ بیماریوں کی روک تھام کے سلسلہ میں اقدامات کوبھرپور طریقہ سے جاری رکھا جائے،انہوں نے ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف کی تربیت اور تعاون فراہم کرنے کیلئے یونیسف کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب اور محکمہ صحت یونیسف کے پروگرام کو کامیاب بنانے میں ہرقسم کا تعاون فراہم کرے گی تاکہ صوبے میں ماں اور بچہ کی صحت کے انڈیکٹرز کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔