Live Updates

حلقے کے لوگوں سے تعلق ہمیشہ قائم رہے گا جب چاہیں مجھ سے مل سکتے ہیں

الیکشن سے دو روز قبل ہمارے حلقے سے بڑی تعداد میں شناختی کارڈ ملے، 29ہزار ووٹوں سے متعلق بھی خدشات ہیں، نتائج قبول کرتی ہوں،پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد کی اردو پوائنٹ سے خصوصی گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 27 جولائی 2018 17:31

حلقے کے لوگوں سے تعلق ہمیشہ قائم رہے گا جب چاہیں مجھ سے مل سکتے ہیں
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27جولائی 2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد کا اردو پوائنٹ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وفاق میں تو پاکستان تحریک انصاف کی ہی حکومت ہو گی،اس کے علاوہ خیبرپختونخوا میں بھی تحریک انصاف حکومت بنائے گی۔جہاں تک پنجاب کا تعلق ہے تو ہمیں یقین ہے کہا یہاں بھی ہماری ہی حکومت ہو گی اور اس حوالے سے ہمارے آزاد امیدواروں سے رابطے جاری ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے اگلے لائحہ عمل سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی تقریر میں بھی لائحہ عمل سے متعلق بتا چکے ہیں۔ ہمارا لائحہ عمل تو یہی ہے کہ ہم لوگوں کے لیے کام کریں۔ہم نے خیبرپختونخوا میں کام کیا اور اس کے بعد ہمیں وہاں سے بہت بڑا اور واضح مینڈیٹ ملا۔

(جاری ہے)

حالانکہ خیبر پختونخوا ایک ایسا صوبہ ہے جہاں اگر لوگ اپنی حکومت سے خوش نہ ہوں تو وہ دوبارہ اس کو منتخب نہیں کرتے اور ایسا تاریخ میں پہلی بار ہوا کہ کے پی کے میں لوگوں نے تحریک انصاف کو دوسری بار حکومت کرنے کا موقع دیا ہے۔

یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ مجھے بھی اپنے حلقے کے نتائج پر تحفظات ہیں کیونکہ الیکشن سے دو قبل ہمارے حلقے سے شناختی کارڈ سے بھرا تھیلا بر آمد ہوا۔جب کہ ہمارے 29 ہزار غیر تصدیق شدہ ووٹ تھے جس کا مسئلہ ابھی حل نہیں ہوا۔ان تمام باتوں کے باجود عمران خان نے نتیجہ کو قبول کیا ہے تو میں بھی قبول کر رہی ہوں۔یاسمین راشد کا اپنے حلقے کے لوگوں سے تعلقات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ صوبائی اسمبلی میں اس لیے میں رہنا چاہ رہی تھی تا کہ میرا اپنے حلقے کے لوگوں کے ساتھ تعلق ختم نہ ہو۔

میرے حلقے کے لوگوں نے مجھے بہت عزت دی ہے اگر میرے حلقے میں ایک لاکھ سے زائد لوگ با شعور ہو چکے ہیں تو میرے خیال سے یہ میرے لیے بہت بڑی بات ہے،یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ میرا اپنے حلقے کے ساتھ تعلق ہمیشہ قائم رہے گا اور میں ان کو سپورٹ کرتی رہوں گی۔اور میں نے اپنے سپورٹرز سے کہا ہے کہ آپ جب چاہیں مجھ سے مل سکتے ہیں۔اور جو ہم روزمزہ کی کلینکز کرتے تھے اس کو جاری رکھیں گے۔

یاد رہے یاسمین راشد حلقہ این اے 125سے ن لیگ کے وحید عالم خان کے مقابلے میں الیکشن لڑ رہی تھیں۔ لاہور کے حلقہ این اے 125 سےپاکستان مسلم لیگ ن کے اُمیدوار وحید عالم خان کامیاب ہو ئے۔جبکہ پی ٹی آئی کی اُمیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔۔ مسلم لیگ ن کے اُمیدوار وحید عالم خان حلقے سے ایک لاکھ 22 ہزار 627 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد نے ایک لاکھ 5 ہزار 857 ووٹ حاصل کیے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات