بلوچستان کے طلباء اور طالبات اپنی اعلیٰ صلاحیتوں اور بہترین کار کردگی کی وجہ سے ملکی سطح پر ایک نمایاںمقام رکھتے ہیں، ملک خرم شہزاد

پیر 30 جولائی 2018 19:55

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2018ء) نگران صوبائی وزیر اطلاعات و ترجمان حکومت بلوچستان ملک خرم شہزاد نے کہا ہے کہ بلوچستان کہ طلباء اور طالبات اپنی اعلیٰ صلاحیتوں اور بہترین کار کردگی کی وجہ سے ملکی سطح پر ایک نمایاںمقام رکھتے ہیں لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ان طلباء کی صلاحیتوں میں مزیدنکھار لانے کیلئے مزید مواقع مہیا کئے جائیں اور جدید نظام تعلیم سے انہیں روشناس کرایا جائے تاکہ وہ جدید ٹیکنالوجی کو بروئے لکار لاتے ہوئے عملی میدان میں ترقی کرتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کرسکیں ان خیالات کااظہار انہوںنے نواجون کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوںنے کہا کہ صوبہ بلوچستان ماضی میں مختلف وجوہات کی وجہ سے تعلیمی پسماندگی کاشکار رہا ہے لہٰذا اس ضمن میں ہمارے منتخب نمائندے تعلیمی پسماندگی دور کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر تعلیمی اصلاحات لانے کیلئے ضروری اقدامات کریں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ موجودہ دور میںجدید تعلیمی آلات نے حصول علم کے لئے آسانیاں پیدا کی ہیں لیکن بد قسمتی سے ہمارے صوبے کے دور دراز علاقوں میں تاحال سکولو ں اور کالجوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی سہولیات دستیاب نہ ہونا ہمارے لئے ایک المیے سے کم نہیں ۔

ملک خرم شہزاد نے کہا کہ منتخب قومی وصوبائی حکومتیں ترجیحی بنیادوں پر بلوچستان میں تعلیمی اصلاحات کے ذریعے ہمارے ذہین اور ہونہار طلباء کو جدید علوم سے آراست کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں ۔ انہوںنے طلباء پر زور دیا کہ وہ وقت کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اپنی تمام تر توجہ صرف تعلیم حاصل کرنے پر مرکوز رکھیں تاکہ مجموعی طور پر پورے صوبے کے طلباء معیاری تعلیم کے ذریعے ملک اور عالمی سطح پر ملک و صوبے کا نام روشن کرسکیں۔ دریں اثناء نگران صوبائی وزیر اطلاعات ملک خرم شہزاد سے سیکریٹری اطلاعات محمد طیب لہڑی اور ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ شہزادہ فرحت احمد زئی نے ملاقات کی ۔ اس موقع پر محکمے سے متعلق مختلف امور زیر بحث آئے۔