پنجاب ہاتھ سے جاتے ہی مسلم لیگ ن دھمکیوں پر اتر آئی

یہ پراسیس اب نہ رکے گا نہ چلے گا بلکہ صورتحال خراب ہو گی،رانا ثنا اللہ

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 30 جولائی 2018 23:57

پنجاب ہاتھ سے جاتے ہی مسلم لیگ ن دھمکیوں پر اتر آئی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30 جولائی 2018ء) پنجاب ہاتھ سے جاتے ہی مسلم لیگ ن دھمکیوں پر اتر آئی۔مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ یہ پراسیس اب نہ رکے گا نہ چلے گا بلکہ صورتحال خراب ہو گی۔تفصیلات کے مطابق عام انتخابات 2018ء کے بعد ملک میں تحریک انصاف کی نئی حکومت بننے جارہی ہے، تحریک انصاف 115نشستوں کے ساتھ قومی اسمبلی میں سب سے بڑی جماعت ، مسلم لیگ ن 64 نشستوں کے ساتھ دوسری جبکہ پیپلزپارٹی تیسری بڑی جماعت بن گئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف انصاف انتخابات 2018 میں پنجاب کی دوسری بڑی سیاسی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔اس موقع پر پنجاب کی سب سے بڑی سیاسی جماعت مسلم لیگ ن ہی رہی جس نے عام انتخابات میں 129 نشستیں اپنے نام کیں جبکہ 123 نشستوں کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف دوسرے نمبر پر رہی۔

(جاری ہے)

اس صورتحال کے مطابق مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف میں پنجاب کی حکومت کے لیے بڑا میچ پڑا جو اب مسلم لیگ ن ہارتی ہوئی نظر آرہی ہے۔

اس موقع پر پنجاب میں سب سے زیادہ اہمیت آزاد امیدواروں اور مسلم لیگ ق کی رہی جنہوں نے 7صوبائی نشستوں کے ساتھ ساتھ کچھ آزاد امیدواروں کو بھی ساتھ ملا لیا تھا۔تاہم تحریک انصاف کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ ن نے بھی مسلم لیگ ق کی حمایت حاصل کرنے کے لیے بہت ہاتھ پاوں مارے تاہم اب تک وہ اس سارے عمل میں ناکام رہے۔پنجاب ہاتھ سے نکلتے ہی مسلم لیگ ن دھمکیاں دینے پر اترے آئی۔نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے میزبان نے اس سارے عمل کے حوالے سے بات چیت کی اور کہا کہ پنجاب اور قومی اسمبلی میں ایک تگڑی اپوزیشن تحریک انصاف کی راہ میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔تاہم ہماری سیاسی جماعتوں کو آگے بڑھنا چاہیے جس پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہ پراسیس اب نہ رکے گا نہ چلے گا بلکہ صورتحال خراب ہو گی۔