دوسرے ممالک کیساتھ مقابلے کیلئے کارخانوں ،زرعی شعبے کو توانائی کی فراہمی پرٹیکس کی شرح کم کرینگے ‘ اسد عمر

ہفتہ 4 اگست 2018 13:59

دوسرے ممالک کیساتھ مقابلے کیلئے کارخانوں ،زرعی شعبے کو توانائی کی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما،متوقع وزیر خزانہ اسدعمرنے کہاہے کہ نئی حکومت نے کارخانوں اورزرعی شعبے کو توانائی کی فراہمی پرٹیکس کی شرح کم کرنے کامنصوبہ بنایا ہے تاکہ کاروباری شعبے کی خطے کے دوسرے ملکوں کے ساتھ مقابلے کی صلاحیت بڑھائی جاسکے،اپنے پہلے سودن کے اندر سنگاپور کی طرح سرکاری سرپرستی میں چلنے والی کمپنیوں کوویلتھ فنڈ میں تبدیل کریں گے تاکہ ان میں سیاسی مداخلت ختم کی جاسکے۔

عالمی خبررساں ادارے ’’بلوم برگ ‘‘کو ایک انٹرویو میں اسد عمر انہوں نے کہاکہ کارخانوں اور زرعی شعبے کیلئے توانائی پر ٹیکس کی شرح کم کرنے کے اس اقدام کے بعد محصولات کی کمی پوری کرنے کیلئے ویلتھ ٹیکس متعارف کرایاجائے گا۔

(جاری ہے)

اسدعمرنے کہاکہ پاکستان زرمبادلہ کے کم ہوتے ہوئے ذخائر کو بڑھانے کیلئے عالمی مالیاتی فنڈ سمیت دوست ممالک کے پاس جاسکتاہے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے بانڈزبھی جاری کئے جائیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے کسی بھی ملک یاعالمی ادارے سے ابھی بات نہیں کی کیونکہ حکومت کی تشکیل تک کوئی باضابطہ کام شروع نہیں کیاجاسکتا۔اسد عمر نے کہاکہ نئی حکومت پاکستان میں ایک خطہ ایک شاہراہ راہداری کے 60ارب ڈالر سے زائدمالیت کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں مزید شفافیت لائے گی۔نئی انتظامیہ اپنے پہلے سودن کے اندر سنگاپور کی طرح سرکاری سرپرستی میں چلنے والی کمپنیوں کوویلتھ فنڈ میں تبدیل کرے گی تاکہ ان میں سیاسی مداخلت ختم کی جاسکے۔