مالیاتی ادارے سامراجی قوتوں کے آلہ کار بن چکے ہیں،رضا ربانی

اگر منتظر حکومت آئی ایم ایف کے پاس جانے کا سوچ رہی ہے تو فیصلہ کرنے سے پہلے پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں مسئلے کو زیر بحث لانا چاہیے،سابق چیئرمین سینیٹ

ہفتہ 4 اگست 2018 18:39

مالیاتی ادارے سامراجی قوتوں کے آلہ کار بن چکے ہیں،رضا ربانی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2018ء) سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ کے سیکریٹری آف اسٹیٹ کا بیان کہ "پاکستان ملنے والے آئی ایم ایف بیل آٹ پیکیج کو چائنا کے قرض اتارنے میں استعمال نہ کری" اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی ادارے ترقی پذیر ممالک کو مالی امداد دیتے ہوئے ان کو امریکی خواہش کا پابند بناتے ہیں کہ خطے میں دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات کس طرح کے رکھنے چاہیے۔

(جاری ہے)

جبکہ ترقی پذیر ممالک بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے معاشی بنیادوں پر قرضہ مانگتے ہیں جن کی شرائط بھی معاشی و اقتصادی ہی ہوتی ہیں.انہوں نے کہاکہ اب تو بالکل واضح ہوچکا ہے کہ یہ مالیاتی ادارے سامراجی قوتوں کے آلہ کار بن چکے ہیں۔اگر منتظر حکومت آئی ایم ایم کے پاس جانے کا سوچ رہی ہے تو اسے فیصلہ کرنے سے پہلے پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں اس مسئلے کو زیر بحث لانا چاہیے۔