رضا ربانی کا امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے بیان پر سخت رد عمل کا اظہار

امریکی وزیر کا بیان عالمی مالی اداروں کی جانب سے دی جانیوالی امداد کو کھلم کھلا سیاسی بنانے کی کوشش ہے،سابق چیئرمین سینیٹ

ہفتہ 4 اگست 2018 22:25

رضا ربانی کا امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے بیان پر سخت رد عمل کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء اور سابق چیئرمین سینیٹ سینیٹر میاں رضا ربانی نے پاکستان کو آئی ایم ایف کی جانب سے بیل آوٹ پیکیج سے متعلق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے بیان پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی وزیر کا یہ بیان عالمی مالی اداروں کی جانب سے دی جانیوالی امداد کو کھلم کھلا سیاسی بنانے کی کوشش ہے۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو جاری ایک بیان میں سابق چیئر مین سینیٹ سینیٹر رضاربانی نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ کے حالیہ بیان سے یہ بات پوری طرح عیاں ہو چکی ہے کہ بین الاقوامی مالی اداروں کی جانب سے ترقی پذیر ممالک کو دی جانے والی مالی امداد کو اس بات سے منسلک کیا گیا ہے کہ کس طرح ان ممالک کو دیگر علاقائی یا عالمی طاقتوں کیساتھ رکھنا چاہئے جن کیساتھ امریکہ کے معاملات چل رہے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مائیک پومپیو کا حالیہ بیان بین الاقوامی مالی اداروں کی جانب سے دی جانے والی امداد کو کھلم کھلا سیاسی بنانے کی کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر پہلے عالمی مالی اداروں کے بارے میں سامراجی طاقتوں کے ہاتھوں استعمال ہونے بارے شک تھا تو اب یہ بات یقین میں تبدیل ہو چکی ہے۔