پاکستان انجینئرنگ کونسل گورننگ باڈی2018-21 کے انتخابات 12اگست کو ہونگے

جمعرات 9 اگست 2018 22:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2018ء) پاکستان انجینئرنگ کونسل گورننگ باڈی(2018-21)کے انتخابات 12اگست بروز اتوار منعقد ہونگے۔انتخابات میں ممبران2018-21 مدت کیلئے چیئر مین ،سینئر وائس چیئر مین،4وائس چیئر مین اور گورننگ باڈی کے 40ارکان کا انتخاب کرینگے۔تمام رجسٹرڈ انجینئرز اور پروفیشنل انجینئرز الیکشن 2018میں انتخابات کے اہل ہیں۔

پی ای سی کیساتھ رجسٹرڈ انجینئرز الیکشن کیلئے اپنی اہلیت کی تصدیق ویب سائٹ http://verification.pec.org.pk سے کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

پی ای سی کی جانب سے جاری حتمی فہرست کے مطابق چیئر مین کے عہدے کیلئے چار امیدواروں انجینئر سید عبدالقادر شاہ،انجینئر سید اشفاق حسین،انجینئر جواد سلیم قریشی اور انجینئر وسیم نذیر جبکہ سینئر وائس چیئرمین کیلئے 6امیدواروں انجینئر فریدہ جاوید،انجینئرافتخار احمد گل،انجینئرسید جمشید علی رضوی، انجینئر کیپٹن(ر)سرفراز عنایت اللہ قریشی،انجینئر امتیاز حسین شاہ اور انجینئرعبیداللہ خان اچکزئی کے درمیان مقابلہ ہے۔

اس کے علاوہ وائس چیئر مین(پنجاب) کے عہدے کیلئے پانچ امیدواروں،وائس چیئر مین(سندھ)چار،وائس چیئر مین (کے پی کی)پانچ اور وائس چیئر مین(بلوچستان) کے عہدے کیلئے چھ امیدوار آمنے سامنے ہیں۔