ہری پور میں نجی سیکٹر میں پہلا ڈائلیسز سنٹر قائم،

معیاری مشینوں کے ساتھ مریضوں کا مناسب قیمت پر علاج شروع

جمعہ 10 اگست 2018 15:40

ہری پور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2018ء) ہری پور میں نجی سیکٹر میں پہلا ڈائلیسزسنٹر قائم کر دیا گیا ہے جہاں جدید ڈائلیسز مشینوں اور معیاری ادویات کے ساتھ مریضوں کا مناسب قیمت پر ڈائلیسز کیا جا رہا ہے۔ اس حوالہ سے پاکستان بیت المال کے ضلعی آفیسر نیئر عباس جعفری نے گذشتہ روز سنٹر کا وزٹ کیا۔ اس موقع پر عمر فاروق نے انہییں سنٹر کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ وہ سنٹر میں آنے والے مریضوں کا جدید مشینوں کے ذریعہ ڈائلیسز کرنے کے ساتھ ساتھ ان میں گردوں خصوصاً ڈائلیسز کے حوالہ سے آگاہی بھی دیتے ہیں۔

نیئر عباس جعفر ی نے ڈائلیسز کے مریضوں سے بھی ملاقات کی جن کا کہنا تھا کہ ہری پور میں کوئی معیاری ڈائلیسز سنٹر نہ ہونے کی وجہ سے انہیں اسلام آباد/راولپنڈی جانا پڑتا تھا جس کی وجہ سے اضافی اخراجات کے علاوہ انہیں جسمانی تکالیف کا سامنا بھی کرنا پڑتا تھا، یہاں ان کی مقامی سطح پر ڈائلیسز کی سہولت میسر ہونے سے کافی مشکلات کم ہوئی ہیں لیکن پاکستان بیت المال کے ساتھ الحاق نہ ہونے کے باعث بیت المال کے خرچ پر ڈائلیسز کروانے والے مریض اس موقع سے استفادہ نہیں کر سکتے اور وہ اسی طرح ملک کے دیگر ڈائلیسز سنٹرز میں جانے کیلئے ہزاروں روپے کرایہ خرچہ برداشت کرنے کے علاوہ سفری مشکلات کا بھی شکار ہوتے ہیں اور کئی مریض ان مشکلات کے پیش نظر بیت المال سے رابطہ ہی نہیں کرتے اور وہ زندگی بھر کی جمع پونجی علاج معالجہ پر خرچ کرنے کے بعد ادھار مانگ کر مقروض بھی ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان بیت المال ضلعی سطح پر سنٹر سے سرکاری خرچ پر ڈائلیسز کی اجازت دے دے تو کئی غریب مریض گھر کی دہلیز پر باآسانی معیاری اور مفت علاج کروا سکتے ہیں۔ نیئر جعفری نے مریضوں کو معاملہ اعلیٰ افسران کے نوٹس میں لانے کی یقین دہانی کروائی۔

متعلقہ عنوان :