لاہور‘ہائیکورٹ کا رانا ثنا اللہ سے سکیورٹی واپس نہ لینے کا حکم

جمعہ 10 اگست 2018 20:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اگست2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ خاں سے سکیورٹی واپس نہ لینے کا حکم دے دیا اور پنجاب حکومت کو درخواست پر آئی جی پنجاب ،چیف سیکرٹری پنجاب سمیت دیگر فریقین کو آئندہ ہفتے کے لیے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے رانا ثناء اللہ کی درخواست پر سماعت کی جس میں سابق وزیر قانون پنجاب سے سکیورٹی واپس لینے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا۔

(جاری ہے)

درخواست میں چیف سیکرٹری ، ہوم سیکرٹری اور آئی جی پنجاب پولیس کو فریق بنایا گیا ہے ۔ درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ 2008 سے 2018 تک مسلسل صوبائی وزیر قانون اور کابینہ کمیٹی کے چیئرمین رہے ہیں اور عام انتخابات کے دوران اور بعد میں سنگین دھمکیاں مل رہی ہیں۔درخواست گزار نے اعتراض اٹھایا کہ متعلقہ حکام سے رجوع کرنے کے باوجود بھی کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ پولیس کو سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔