Live Updates

جمہوری وطن پارٹی 12 سال کے بعد پارلیمنٹ میں آئی، تعلیم اور صحت کے شعبوں کی ترقی ہماری ترجیح ہو گی،

عمران خان کے ساتھ بلوچستان کے عوام کی ترقی کیلئے ہاتھ ملایا ہے، شاہ زین بگٹی کی پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو

پیر 13 اگست 2018 18:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2018ء) جمہوری وطن پارٹی کے صدر و بلوچستان سے رکن قومی اسمبلی شاہ زین بگٹی نے کہا ہے کہ جمہوری وطن پارٹی 12 سال کے بعد پارلیمنٹ میں آئی، تعلیم اور صحت کے شعبوں کی ترقی ہماری ترجیح ہو گی، نواب اکبر بگٹی نے گوادر اور بلوچستان کو پاکستان میں شامل کرایا، وہ فیڈریشن کے سب سے بڑے حامی تھے، عدلیہ کا احترام کرتے ہیں تاہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے مقدمہ میں ہمیں انصاف دیا جائے، تحریک انصاف سے ہر ضلع میں ہسپتال قائم کرنے کا بھی معاہدہ کیا ہے، توقع ہے کہ حکومت بننے کے بعد ان وعدوں کی تکمیل کی جائے گی۔

پیر کو 15ویں قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں حلف برداری کے بعد پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے داد نواب اکبر بگٹی نے ہمیں نصیحت کی تھی کہ جمہوری وطن پارٹی کسی بدعنوانی کا حصہ نہیں بنے گی اور 12 سال تک ہم نے بے یارومدگاری میں گزارے اور آج ہم پارلیمنٹ کا حصہ بنے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ بلوچستان کے عوام کی ترقی کیلئے ہاتھ ملایا ہے، توقع ہے خان صاحب ہماری توقعات پر پورا اتریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کی گرفتاری کا میرے والد نے مطالبہ کیا اور ہمارا وہ کیس عدالت میں زیر التواء ہے، ہم میڈیا کی وساطت سے عدلیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے مقدمہ میں بھی انصاف کیا جائے۔ انہوں نے مستونگ میں انتخابات کے موقع پر دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اگر ہمارے پاس معیاری طبی سہولیات ہوتیں تو دور دراز علاقوں میں زخمیوں کو منتقل نہ ہونا پڑتا۔ شاہ زین بگٹی نے کہا کہ ہم بلوچستان کے عوام کو صحت کی وہ معیاری سہولیات فراہم کرنے کے خواہاں ہیں جو ملک کے کسی بھی حصہ میں ملتی ہوں اور اس کیلئے تحریک انصاف کی قیادت سے کم از کم ہر ضلع میں ایک ہسپتال کے قیام کیلئے بھی معاہدہ کیا گیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات