زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ملک کا 71واں یوم آزادی روایتی جوش و خروش سے منایا جائیگا

پیر 13 اگست 2018 22:38

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2018ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ملک کا 71واں یوم آزادی روایتی جوش و خروش اور اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا جا رہا ہے کہ ملک کی ترقی و خوشحالی اور اسے صحیح معنوں میں اسلامی دنیا کی مثالی فلاحی ریاست بنانے کیلئے انفرادی اور اجتماعی کاوشیں بروئے کار لائی جائیں گی۔ اس حوالے سے یوم آزادی کے دن کا آغاز جامع مسجد میں قرآن خوانی اور دعاسے ہوگا جس کے بعد حاضرین ایک قافلے کی صورت میں اقبال آڈیٹوریم میں جمع ہونگے جہاں کبوتروں کا آزاد کرنے کے بعد مرکزی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔

8:58منٹ پر سائرن بجائے جائیں گے جس کے ساتھ ہی قومی پرچم ہوا میں بلند کیا جائے گا اور سیکورٹی کا چاق و چوبند دستہ قومی پرچم کے ساتھ ساتھ میٹرک کے حالیہ نتائج میں لیبارٹری گرلز ہائی سکول کے پلیٹ فارم سے بورڈ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنیوالی طالبہ حرا اکرم کو سلامی پیش کرے گا ۔

(جاری ہے)

پرچم کشائی کی تقریب کے بعد لیبارٹری بوائز و گرلز سکولز اور ڈے کیئر سینٹر کے بچے قومی نغموں کے ساتھ ساتھ خوبصورت پرفارمنس پیش کریں گے۔ ہفتہ تقریبات کے سلسلہ میں کتابوں کی نمائش کے ساتھ ساتھ مصوری و فوٹو گرافی کے مقابلے بھی منعقد کئے جا رہے ہیں جبکہ ڈاکٹو منٹری کی نمائش بھی اقبال آڈیٹوریم گیلری میں کی جائے گی۔