شجر کاری گلوبل وارمنگ کے اثرات زائل کرنے کے لئے بھی ناگزیر ہے، ڈاکٹر اجمل خان

حکومت درختوں کے کٹاؤ پر سخت پابندیاں عائد کرے تاکہ ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ممکن ہو سکے، وائس چانسلر جامعہ کراچی

پیر 13 اگست 2018 23:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اگست2018ء) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے کہا کہ شجرکاری نہ صرف ملکی ماحولیاتی نظام کے لئے ضروری ہے بلکہ گلوبل وارمنگ کے اثرات زائل کرنے کے لئے بھی ناگزیر ہے۔ ملک بھر میں بغیر کسی منصوبہ بندی کے درختوں کے بے دریغ کٹاؤسے موسمیاتی و جغرافیائی تبدیلیاں نمو دار ہورہی ہیں۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت درختوں کے کٹاؤ پر سخت پابندیاں عائد کریں تاکہ ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔شجرکاری مہم بہت اچھا اقدام ہے اور ہر سال شجرکاری مہم میں لاکھوں پودے لگائے جاتے ہیں لیکن افسوسناک امریہ ہے کہ نگہداشت اور دیکھ بھال نہ ہونے کیوجہ سے ہزاروں پودے جل جاتے ہیں۔معاشرے کے ہر فرد پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ان پودوں کی نگہداشت کے لئے اپنا اپنا کردار اداکریں تاکہ یہ مستقبل میں ایک تناور درخت کی شکل اختیار کرے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ ارضیات کے زیر اہتمام شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا،شجرکاری مہم کا افتتاح ڈاکٹر محمد اجمل نے پودالگاکرکیا۔اس موقع پر شعبہ ارضیات کی چیئر پرسن پروفیسر ڈاکٹر ارم بشیر، اساتذہ وطلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ڈاکٹر اجمل خان نے مزید کہا کہ ایک صحت مند اور ماحول دوست معاشرے کے قیام کے لئے ہم سب پر یہ ذمہ داری عائدہوتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور شجرکاری مہم کی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔

اس کا فائدہ نہ صرف ہمیں بلکہ ہمارے آنے والی نسلوں کوہوگا۔ صاف ستھرا اورآلودگی سے پاک ماحول صحت انسانی کے لئے وقت کی ضرورت بن گیا ہے۔درخت ہمیں آکسیجن مہیا کرتے ہیں اور گرمی کی شدت کو کم کرتے ہیں، یہ زندگی کی علامت ہیں اوردرخت لگانا صدقہ جاریہ ہے۔#

متعلقہ عنوان :