سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے عہدے کے لیے انتخاب آج ہو گا، تحریک انصاف کے اسد قیصر اور پیپلز پارٹی کے سید خورشید شاہ کے درمیان مقابلہ ہوگا، ڈپٹی سپیکر کے لیے تحریک انصاف کے قاسم سوری اور اپوزیشن کے اسد محمود میدان میں ہیں

بدھ 15 اگست 2018 00:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے عہدے کے لیے انتخاب آج ہو گا،مجموعی طور پر چار امیدوار میدان میں ہیں، تمام امیدوار وں کے کاغزات کی جانچ پڑتال مکمل کر لی گئی ہے اورسب کے کاغزات درست قرار دے دیئے گئے،سپیکر کے عہدے کے لیے تحریک انصاف کے اسد قیصر اور پیپلز پارٹی کے سید خورشید شاہ کے درمیان مقابلہ ہوگا، ڈپٹی سپیکر کے لیے تحریک انصاف کے قاسم سوری اور اپوزیشن کے اسد محمود میدان میں ہیں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب خفیہ شماری سے ہوگا ۔

پہلے مرحلے میں سپیکر کا انتخاب ہوگا،موجودہ سپیکر ایاز صادق نئے سپیکر کے لیے اجلاس کی صدارت کرینگے ۔اجلاس شروع ہونے کے بعد ووٹنگ کا عمل شروع ہوجائے گا ۔کسی بھی رکن کو موبائل سے ووٹ کی تصویر بنانے کی اجازت نہیں ہوگی ۔

(جاری ہے)

ہر ووٹر کو بیلٹ پیپر سیکرٹری اسمبلی کی طرف سے جاری ہوگا ۔امیدوار اپنے دو دو پولنگ ایجنٹوں کے نام سپیکر کو دے سکیں گے۔ووٹرز لسٹ کے مطابق جب تمام ووٹرز ووٹ ڈال لینگے تو سپیکر ووٹنگ ختم ہونے کا اعلان کرینگے ۔امیدواروں اور پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں ووٹوں کی گنتی ہوگی ۔سپیکر سب کے سامنے نتیجے کا اعلان کرینگے کامیاب سپیکر سے سبکدوش سپیکر حلف لیں گے، نئے سپیکر اسی طریقہ کار کے تحت ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کروائے گا۔