بغلان میں طالبان کا فوجی اڈے پر حملہ 45 سیکورٹی اہلکار جاں بحق

افغانستان میں جنگجوﺅں کے حملوں میں شدت ‘ امریکا کی اتحادی افواج‘افغان فورسزاور حکومت بے بس

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 15 اگست 2018 15:29

بغلان میں طالبان کا فوجی اڈے پر حملہ 45 سیکورٹی اہلکار جاں بحق
کابل(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 اگست۔2018ء) افغانستان کے صوبے بغلان میں طالبان نے فوجی اڈے پر حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں افغان سیکورٹی فورسز کے 45اہلکار جاں بحق ہو گئے ہیں.قبل ازیں غزنی میں طالبان کے بڑے حملے سے افغان سیکورٹی فورسزکو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے. افغان ذرائع ابلاغ کے مطابق صوبے بغلان میں طالبان نے فوجی اڈے پر حملہ رات گئے کیا.

افغان صوبے لغمان میں راکٹ پھٹنے سے 6لڑکیاں جاں بحق ہوگئیں، لڑکیوں کے راکٹ سے کھیلنے کے دوران دھماکا ہوا جو جان لیوا ثابت ہوا. افغان ذرائع ابلاغ کا مزید کہنا ہے کہ افغانستان کے شہر غزنی میں افغان فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری ہے،افغان فورسز کی فضائی کارروائی میں 30دہشت گرد مارے گئے.

(جاری ہے)

افغان فورسز نے دو دہشت گرد گرفتار بھی کئے، طالبان نے گزشتہ ہفتے غزنی پر حملہ کیا تھا.دوسری جانب افغانستان کے صوبے زابل میں طالبان نے رات گئے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں افغان فورسز کے 12 اہلکار جاں بحق اور تین لاپتہ ہو گئے.ایک اور واقعے میں افغانستان کے صوبے زابل ہی میں سڑک کنارے بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 4شہری جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے.واضح رہے کہ پچھلے ہفتے میں افغان طالبان نے غزنی شہر پر چاروں جانب سے ایک بڑا اور منظم حملہ کرکے افغان سیکورٹی فورسزکو بھاری نقصان پہنچایا تھا آدھی رات کے وقت شروع ہونے والا یہ حملہ یہ اگلے دن 11 بجے تک جاری رہا جس میں شہر کا مواصلاتی نظام مکمل طور تباہ ہوگیا تھا.غزنی پر ہونے والے اس بڑے حملے نے افغان فورسزاور حکومت کو چکرکررکھ دیا تھا جب 5ہزار خاندانوں کی آبادی کے شہر کے پینے کے پانی کی ترسیل کا نظام بھی مکمل طور پر تباہ ہوگیا‘اسی طرح بجلی کی فراہمی بھی کئی دن تک معطل رہی تھی.افغانستان میں جنگجوﺅں کے حملوں میں شدت آرہی ہے تو امریکا کی اتحادی افواج اورافغانستان کی فورسزاور حکومت ان کے سامنے اتنے ہی بے بس نظر آتے ہیں.