Live Updates

عوام کے حقوق اور انکی زندگیوں میں آسانیاں لانے کیلئے قانون سازی پر توجہ دی جائے گی : مسرت چیمہ

بدھ 15 اگست 2018 21:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2018ء) تحریک انصاف کی مرکزی رہنما و رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ انشا اللہ اب ملک میں حقیقی جمہوریت فروغ پائے گی اور حکمرانوں اور ان کے حواریوں کی بجائے عام عوام کے مسائل حل ہوں گے ،عمران خان کی واضح ہدایات ہیں کہ عوام کے حقوق اور ان کی زندگیوں میں آسانیاں لانے کیلئے قانون سازی پر توجہ دی جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب میں کئی دہائیوں سے (ن) لیگ کی حکومت رہی لیکن آج لاہور جیسے شہر میں عوام کو پینے کے صاف پانی ، معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات میسر نہیں ۔ یہاں صرف اپنی اناء کی تسکین کے منصوبے شروع اور مکمل کئے گئے جبکہ عوامی فلاح کے منصوبے کئی کئی سالوں سے التواء کا شکار ہیں ۔

(جاری ہے)

مسرت چیمہ نے کہا کہ یہاں جمہوریت کے نام پر صرف اپنے اور اپنے حواریوں کے مسائل حل کئے گئے جبکہ عوام دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور رہے ۔ انشا اللہ اب ملک میں حقیقی جمہوریت فروغ پائے گی اور عوام کے مسائل حل ہوں گے۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب میں اصلاحات کے ذریعے تبدیلی لائی جائے گی اور مختلف شعبوں میں بہتری کیلئے خیبر پختوانخواہ کے کامیاب ماڈل کو اپنایا جائے گا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات