سر سبز پاکستان مہم کے تحت 12ہزار سے زائد پودے لگائے گئے

این ایف ای ایچ کی شجر کاری مہم ستمبر کے وسط تک جاری رہے گی، جناح ہسپتال میں شجر کاری کی تقریب سے سیمی جمالی، ڈاکڑ اقبال آفریدی و دیگر کا خطاب

بدھ 15 اگست 2018 23:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) جشن آزادی کو عملی اور خوبصورت انداز سے منانے کیلئے نیشنل فورم فارانوائرنمٹ اینڈ ہیلتھ نے سرسبز پاکستان مہم کے تحت 12ہزار پودے کراچی میں اور 500پودے راولپنڈی میں لگادئے گئے جنکی مکمل دیکھ بھال فورم کے ساتھ مہم میں شریک ادارے کریں گے یہ بات فورم کے صدر محمد نعیم قریشی نے جشن آزادی کے حوالے سے گذشتہ روز جناح ہسپتال میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

جناح ہسپتال میں جشن آزادی کی رنگارنگ تقریب کے بعد بڑے پیمانے پر شجر کاری کی گئی۔اس موقع پر جناح ہسپتال کی ایگزیکٹیو ڈائیکڑ ڈاکڑ سیمی جمالی، شعبہ نفسیات کے سربراہ ڈاکڑ اقبال آفریدی، پروفیسر حامد شفقت، ڈاکڑز، پیرامیڈکل اسٹاف کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تمام افراد نے گائنی وارڈ اور دیگر شعبوں میں پودے لگائے اور ہسپتال کے اطراف میں کی گئی شجرکاری کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

نعیم قریشی نے بتایا کہ ابتک ہسپتال میں ڈاکڑ اقبال آفریدی کے تعاون سے 6500درخت لگادئیے گئے ہیں جسکی بہتر دیکھ بھال بھی کی جارہی ہے اور جلد ہی ایک ہزار درخت اور بھی لگائے جائیں گے تاکہ مریضوں اور انکے عزیزوں ایک صحت مند اور خشگوار ماحول مل سکے۔ نعیم قریشی نے بتایا کہ سرسبز پاکستان مہم کے تحت سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے ساتھ پورے پاکستان میں 3ہزار ، بلدیہ وسطی کے اسکولوں میں 500، پولیس ہیڈکوارٹر گارڈن میں 1000،بن قاسم انڈسڑیل ایریا میں ایسوسی ایشن کے ساتھ 1000، صفورا گوٹھ کے اسکول میں 200اور مختلف این جی اوز کے ساتھ 300پودے لگائے گئے۔

یوم آزادی پر نیشنل فورم کی ٹیم نے گورا قبرستان میں کنٹونمنٹ بورڈ کراچی کی شجر کاری میں حصہ لیا اور یہاں پر کنٹونمنٹ بورڈ 4ہزار پودے لگائے گا۔اسکے علاوہ ٹیم نے خصوصی بچوں کے مرکز مرکز امید میں بھی شجرکاری کی اور این جی اوز اور بلدیہ وسطی کے چیئرمین ریحان ہاشمی کے ساتھ پودے لگائے اسکے علاوہ نیشنل فورم نے راولپنڈی میں بھی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کیساتھ شجرکاری کا آغاز کردیا ہے جسکے تحت کچرا جمع کرنے کی جگہ پر 500پودے لگائے جائیں گے۔

نعیم قریشی نے بتایا کہ سرسبز پاکستان کت تحت کراچی میں یہ مہم ستمبر کت وسط تک جاری رہے گی اور مفت پودوں کی فراہمی کے ساتھ عوام میں شجر کاری کا شعور بھی اجاگر کیا جائیگا اور بلدیہ وسطی کے محکمہ تعلیم کے ساتھ 20اسکولوں میں 1000پودے لگائے جائیں گے۔