تجارتی و کاروباری حب کراچی امن کی بحالی کے باوجود ناکافی سہولیات عامہ کی وجہ سے ناقابل رہائش شہروں کی فہرست میں شامل

جمعرات 16 اگست 2018 00:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) پاکستان کے تجارتی و کاروباری حب کراچی میں امن کی بحالی کے باوجود ناکافی سہولیات عامہ نے اسے ایک بار پھر ناقابل رہائش شہروں کی فہرست میں شامل رکھا ہے۔انٹیلی جنس یونٹ کے سالانہ عالمی سروے میں آسٹریا کے شہر ویانا کو دنیاکا سب سے بہترین قابل رہائش شہر قرار دیا گیا ہے جبکہ جنگ سے تباہ حال ملک شام کے دارالحکومت دمشق کو بدترین شہروں کی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ سروے دنیا کے 140 شہروں میں کیا گیا جہاں سیاسی و سماجی استحکام، سکیورٹی، انفرا سٹرکچر، ٹرانسپورٹ، تعلیم اور طبی سہولیات سمیت دیگرعوامل اور شہریوں کی رائے کے بعد پوائنٹس کی بنیاد پر درجہ بندی کی گئی۔ قابل رہائش شہروں کی فہرست میں ویانا کے بعد بالترتیب میلبرن، اوسکا، کالگیری، سڈنی، وینکوور، ٹوکیو، ٹورنٹو ، کوپن ہیگن اور ایڈیلیڈ شامل ہیں۔ناقابل رہائش شہروں کی عالمی درجہ بندی میں دمشق، ڈھاکا، لاگوس، کراچی، پورٹ موریسبی، ہرارے، تریپولی، دوالا، الجیئرس اور ڈاکار کو بالترتیب شمار کیا گیا ہے۔