Live Updates

میرے جیسے لوگ دشمنیاں افورڈ نہیں کر سکتے

میں اللہ کے بعد اپنا معاملہ عمران خان پر چھوڑتا ہوں۔ عمران علی شاہ کے تشدد کا نشانہ بننے والے شہری کی گفتگو

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 16 اگست 2018 14:07

میرے جیسے لوگ دشمنیاں افورڈ نہیں کر سکتے
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 اگست 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف کے نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عمران علی شاہ نے شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے متاثرہ شہری داؤد چوہان نے کہا کہ میں اسپتال جا رہا تھا جب میری گاڑی آگے والی گاڑی کے ساتھ تھوڑا سا لگ گئی۔

جس پر انہوں نے اُتر کر میرے ساتھ جو کیا سب نے ویڈیو میں دیکھا۔ داؤد چوہان نے کہا کہ میں اس واقعہ کے بعد کافی ڈسٹرب رہا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ ایسا کیا ہوا؟ میں مسلسل تھپڑ کھانے کے بعد بھی یہی پوچھ رہا تھا کہ آپ ہیں کون؟ انہوں نے کہا کہ فردوس نقوی اور نجیب ہارون مجھے بہت عرصہ سے جانتے ہیں۔ نجیب ہارون نے ویڈیو دیکھی تو مجھ سے رابطہ کیا اور بہت زیادہ افسوس کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اس معاملے پر عمران اسماعیل نے بھی مجھے فون کر کے افسوس کا اظہار کیا اور کافی دیر فون پر سمجھایا بھی۔ پھر عمران علی شاہ فردوس نقوی کو لے کر میرے گھر پہنچ گئے۔ میری اہلیہ کا بھی یہی مشورہ تھا کہ کوئی چل کر آپ کے پاس آگیا ہے ، وہ شرمندہ ہے یا نہیں ، وہ شرمندگی ظاہر کررہا ہے تو آپ اس بات کو مزید طول نہ دیں۔ میں ایک سرکاری افسر ہوں اور میری کسی سیاسی جماعت سے لڑائی نہیں ہو سکتی۔

اسی لیے میں نے یہ بات اللہ پر چھوڑی اور اللہ کے بعد میں نے یہ بات عمران خان پر چھوڑی جن کے بارے میں میں نے سُنا ہے کہ وہ بہت سخت آدمی ہیں اور سخت کارروائی کرتے ہیں،آج میں دفتر گیا اور فوری آ گیا کیونکہ میرے دفتر کے کافی لوگ غصے میں تھے اور میرے گرد جمع ہو گئے تھے جو مجھے بالکل بھی اچھا نہیں لگا۔ ہمارا معاشرہ ایسا ہے کہ اس معاشرے میں مجھ جیسے طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگ دشمنیاں افورڈ نہیں کر سکتے۔

نہ میں اتنا پیسے والا ہوں اور نہ ہی میرا ارد گرد کوئی اثر و رسوخ ہے۔ اس کے علاوہ میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔
  یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عمران علی شاہ نے ایک شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ اس معاملے پر متاثرہ شہری نے نجی ٹی وی چینل پر اپنا موقف بتایا اور معاملہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پر چھوڑ دیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات