Live Updates

سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو لاہور پہنچ گئے

آج رات ان کی عمران خان سے ملاقات بھی متوقع ہے:ذرائع

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 17 اگست 2018 14:46

سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو لاہور پہنچ گئے
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17اگست 2018 ء) سابق بھارتی کرکٹر اور موجودہ سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو متوقع وزیراعظم عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے۔ذرائع کے مطابق نوجوت سنگھ سدھو براستہ واہگہ بارڈر لاہور پہنچے جس کے بعد شام 5 بجے تک ان کی اسلام آباد آمد متوقع ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نوجوت سنگھ سدھو کی آج رات نامزد وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

پاکستان کے 22ویں وزیراعظم کا انتخاب آج عمل میں لایا جائے گا اور نئے وزیراعظم کل ایوان صدر میں تقریب کے دوران صدر ممنون حسین سے اپنے عہدے کا حلف لیں گے۔یاد رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے متوقع وزیراعظم عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے تین بھارتی سابق کرکٹرز کو دعوت دی گئی تھی تاہم کپل دیو اور سنیل گواسکر نے ذاتی مصروفیات کے باعث آنے سے معذرت کی تھی۔

(جاری ہے)

نوجوت سنگھ سدھو نے عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں مدعو کیے جانے کو اعزاز قرار دیا اور بھارتی میڈیا کی جانب سے شدید تنقید کے باوجود انہوں نے پاکستان آنے کا فیصلہ کیا۔سدھو نے لاہور آمد کے بعد واہگہ بارڈر پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ عمران خان کا وزیر اعظم بننا خوش آئند ہے ، انہوں نے کہا کہ میری جانب سے پوری پاکستانی قوم اور عمران خان کو پرامن انتخابات پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد قبول ہو۔

میں بھارت سے محبت کا پیغام لے کر آیا ہوں۔انہوں نے کہا کہ فنکار اور کھلاڑی تمام دنیا میں عوام کے درمیان محبت اور پیار کو فروغ دیتے ہیں، میرا پاکستان کا دورہ صرف اور صرف عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے ہے اور میں اپنے دوست کی دعوت پر خصوصی طور پر آیا ہوں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں بھارت سے عمران خان کیلئے صرف ایک شال کا تحفہ لایا ہوں اس کے علاوہ ان کے ساتھ میری اور میرے دوستوں و اہل خانہ کی ان گنت دعائیں ہیں۔ نوجوت سدھو19 اگست کو واپس لاہور پہنچیں گے اور اسی دوپہر واپس بھارت لوٹ جائیں گے ۔پاکستان کی طرف سے نوجوت سنگھ سدھو کو2 ہفتے کا ویزا جاری کیا گیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات