Live Updates

عمران خان کے احتساب اور این آر او نہ دینے کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں،محمد اکبر نقشبندی

اتوار 19 اگست 2018 22:20

گوجرانوالہ ۔19 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2018ء) سنی اتحاد کونسل کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی اور صاحبزادہ محمد نعمان صدیقی نے کہا ہے کہ عمران خان قوم کے نجات دہندہ ہے وہ پاکستانی سیاست کا دھارا بدل دیں گئے وہ ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں انہوں نے اپنے بیان میں عمران خان کی طرف سے پہلے سب کا کڑا احتساب کسی ڈاکو کو این آر او نہیں ملے گا ، خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ احتساب کے بغیر ملک آگے بڑھے گا نہ جمہوریت مضبوط ہو گی ، قوم کا پیسہ لوٹنے والوں کا کڑا احتساب نا گزیر ہے ، اگر لوٹی ہوئی دولت واپس خزانے میں نہ آئی تو پھر اس سارے احتسابی شور شرابے کا ملک وقوم کو کچھ فائدہ حاصل نہیں ہو گا نئی حکومت سے عوام کو بہت سی امیدیں ہیں وعدوں کی تکمیل کیلئے سخت محنت درکار ہو گی ، عمران خان پاکستان کو مدینہ منورہ کی طرز پر فلاحی ریاست باننے کے اعلان کی لاج رکھیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے عمران خان کو 22 سالہ جدوجہد کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے وزیر اعظم منتخب ہونے پر ملک میں تبدیلی کا سورج طلوع ہو گیا ہے ، دو پارٹی نظام نے ملک کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ، عمران خان نے دو جماعتی نظام کے تسلسل کو بریک لگا دی ، اقتدار کی پر امن منتقلی جمہوریت کیلئے نیک شگون ہے عمران خان کے وزیر اعظم بننے سے ملک میں نئے دور کا آغا ہو گا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات