دُبئی :مالی دھوکا دہی پر بھارتی شہری کو چھ ماہ کی سزا

ملزم نے شراب فروشی کے لیے ایک اور شخص کا لائسنس استعمال کیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 20 اگست 2018 12:06

دُبئی :مالی دھوکا دہی پر بھارتی شہری کو چھ ماہ کی سزا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 اگست 2018) شراب فروشی کے لیے کسی دوسرے شخص کا ڈرائیونگ لائسنس استعمال کرنے پر عدالت نے بھارتی نوجوان کو قید اور ڈی پورٹ کیے جانے کی سزا سُنا دی۔ سرکاری استغاثہ کے مطابق 21 سالہ بھارتی نوجوان نے گزشتہ سال اگست کے مہینے میں القُصیص کے ایک دفتر سے کرائے پر کار حاصل کی‘ اس مقصد کے لیے اُس نے جو لائسنس دکھایا وہ اُس کا اپنا نہیں تھا۔

اس کے علاوہ اُس نے کار کے حصول کے لیے جعلی رینٹل کانٹریکٹ پیش کیا۔ عدالت نے اُسے کسی دوسرے شخص کا ڈرائیونگ لائسنس استعمال کرنے اور جعلی دستاویزات کا سہارا لے کر دھوکا دہی کا مرتکب ہونے پر چھے ماہ قید کی سزا سُنائی ہے۔ ملزم کو سزا پُوری ہوتے ہی ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔ سرکاری استغاثہ کی جانب سے پیش کیے گئے ریکارڈ کے مطابق بھارتی نوجوان نے گزشتہ سال القُصیص کے ایک رینٹ اے کار کے آفس سے کرائے پر کار حاصل کی‘ اس مقصد کے لیے اُس نے آفس کو جو ڈرائیونگ لائسنس پیش کیا‘ وہ کسی اور کا تھا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ اُس نے اس موقع پر جو کرایہ کانٹریکٹ پیش کیا‘ اُس میں درج شُدہ معلومات حقیقت پر مبنی نہیں تھیں۔ استغاثہ کے مطابق ملزم نے تفتیش کے دوران بتایا تھا کہ اُس کی ملاقات اپنے ایک ہم وطن سے ہوئی جو شراب فروشی کے دھندے سے منسلک تھا۔ جس نے اُسے پیش کش کی کہ اگر وہ اُس کے لیے شراب ایک جگہ سے دُوسری جگہ ٹرانسپورٹ کرے گا تو اس کے عوض اُسے بارہ سو اماراتی درہم بطور ماہانہ تنخواہ دیئے جائیں گے۔

شراب فروش نے ہی اُسے کسی نامعلوم شخص کا ڈرائیونگ لائسنس فراہم کیا تھا۔ اسی شراب فروش نے اُسے رینٹ اے کار کے دفتر سے کار کے رینٹل کانٹریکٹ پر جعلی دستخط کر کے گاڑی لینے میں مدد فراہم کی۔ ملزم نے دورانِ تفتیش یہ بھی اعتراف کیا تھا کہ ایک ٹریفک خلاف ورزی پر جب اُسے پولیس انسپکٹرز نے جرمانے کا ٹکٹ تھمانا چاہا تو وہ اُسے وصول کرنے کی بجائے موقع سے بھاگ کھڑا ہوا۔ جس کے بعد اُس نے اسی ڈرائیونگ لائسنس کا استعمال کرتے ہوئے شارجہ میں ایک گاڑی کرائے پر حاصل کی۔ آخر ایک روز وہ اپنے ڈیوٹی کے دوران جب گاڑی میں شراب لیے جا رہا تھا تو راس الخیمہ کے پولیس افسروں نے اُسے گرفتار کر لیا۔