بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن گوجرانوالہ نے کلاس نہم کے سالانہ نتائج کا اعلان کر دیا

پیر 20 اگست 2018 21:26

گوجرانوالہ۔20 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن گوجرانوالہ کے زیر اہتمام منعقد ہونیوالے امتحان سیکنڈری سکول سرٹیفیکیٹ نہم (سالانہ)2018ء کے نتائج کا اعلان چیئرمین بورڈ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اسداللہ فیض اور پروفیسر ناصر محمود اعوان کنٹرولر امتحانات نے کیا،چیئرمین بورڈ نے بتایا کہ اس امتحان میں مجموعی طور پر 249577 اُمیدواران شامل ہوئے جن میں سے 136032 کامیاب قرار پائے اس طرح اُن کی شرح تناسب 54.51 فیصد رہی، سائنس گروپ (بوائز) میں 89981 اُمیدوار شامل امتحان ہوئے جن میں سے 46230اُمیدوار کامیاب قرار پائے اور اُن کی کامیابی کی شرح 51.37فیصد رہی۔

سائنس گروپ (گرلز) میں 78351اُمیدوار شامل امتحان ہوئے جن میں 52552 اُمیدوار کامیاب قرار پائے اور اُن کی کامیابی کی شرح 67.07فیصد رہی۔

(جاری ہے)

اسی طرح ہیومینٹیز گروپ میں بوائز اُمیدوار 28764گرلز اُمیدوار52481 شامل امتحان ہوئے جن میں سی( بوائز)امیدوار 8479 ( گرلز) امیدوار 28771 کامیاب قرار پائے۔ اس طرح اُن کی کامیابی کی شرح بالترتیب 29.47اور 54.82فیصد رہی،چیئرمین بورڈ نے مزید کہنا تھا کہ امتحان کے انعقاد سے لے کر نتائج کی تیاری تک متعلقہ قواعد و ضوابط پرسختی سے عملدرآمد یقینی بنایا ہے۔

امتحانی نظام میں غیر جانبداری اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا۔ داخلہ فارموں کی وصولی ، رول نمبر اور سنٹرز کی الاٹمنٹ آٹومیشن سسٹم کے ذریعے کی گئی ۔ ادارہ جات کی جانب سے بھجوائی گئی اُمیدواران کی ترتیب کو ختم کیا گیااور ایک زون کے اندر جملہ ادارہ جات کے اُمیدواران کو اُس زون میں قائم کردہ امتحانی مراکز اورلیبارٹریز میں یکساں تقسیم کرکے بٹھایا گیا۔

امتحانی مراکز کی مانیٹرنگ کیلئے ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ دورانِ امتحان بورڈ کو جو بھی شکایت ملی اُس کا فوری طور پر ازالہ کیا گیا۔ باایں ہمہ نتائج کی تیاری میں بھی بورڈ نے اپنے تمام تر وسائل کو استعمال میں لاتے ہوئے مستند اور اغلاط سے پاک رزلٹ تیار کروایا ہے۔ بورڈکی جانب سے امتحان سیکنڈری سکول پار-ٹ ون (جماعت نہم) کے ریگولرامیدواران کے مفاد کے پیش نظر ان کے رزلٹ کارڈز بذریعہ رجسٹرڈ پارسل ادارہ سربراہان کو ترسیل کیے جا رہے ہیں جو کہ امیدواران تک پہنچاناادارہ سربراہان کی ذمہ داری ہوگی تاہم ادارہ سربراہان کو ان کے (User id Password)پر حسب سابق رزلٹ کارڈ اپ لوڈ کر دیئے گئے ہیںتاکہ بوقت ضرورت رزلٹ کارڈ ز ڈاؤن لوڈ کیے جا سکیں جبکہ پرائیویٹ امیدواران کے رزلٹ کارڈز ان کے داخلہ فارم پر دیئے گئے گھریلو پتہ پر بذریعہ رجسٹری ارسال کر دئیے گئے ہیں ۔