کیپٹن صفدر دل میں تکلیف کے باعث اڈیالہ جیل سے آر آئی سی ہسپتال منتقل

منگل 21 اگست 2018 13:46

کیپٹن صفدر دل میں تکلیف کے باعث اڈیالہ جیل سے آر آئی سی ہسپتال منتقل
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2018ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کو اچانک طبیعت خرابی پر اڈیالہ جیل سے راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کردیا گیا۔گزشتہ روز کیپٹن (ر) صفدر کی اڈیالہ جیل میں طبیعت خراب ہوگئی تھی جس پر انہیں جیل کے ہسپتال میں ہی طبی امداد دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اچانک طبیعت خراب ہونے پر راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کے مختلف ٹیسٹ کیے جارہے ہیں جس کی رپورٹس آنے کے بعد ہی انہیں دوبارہ جیل منتقلی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کے داماد کو دل کی تکلیف کے باعث آر آئی سی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں جیل ہسپتال کی سفارش پر ان کے ٹیسٹ کیے گئے۔خیال رہے کہ کیپٹن صفدر ایون فیلڈ ریفرنس میں اڈیالہ جیل میں ایک سال کی سزا کاٹ رہے ہیں۔چند روز قبل بھی کیپٹن صفدر کو گردے کی تکلیف کے باعث پمز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔