پی ایس ایل کا شائقین کیلئے سرپرائز،نئے سپر سٹار کی آمدکا عندیہ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 31 اگست 2018 16:49

پی ایس ایل کا شائقین کیلئے سرپرائز،نئے سپر سٹار کی آمدکا عندیہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔31اگست 2018 ء) پاکستان سپر لیگ کے تین ایڈیشنز ہوچکے ہیں، دنیا کے کئی سٹار کھلاڑیوں کی شرکت نے ٹورنامنٹ کو شائقین میں انتہائی مقبول بنادیا ہے۔ اب چوتھے سیزن میں منتظمین نے ایونٹ کو سپر ایونٹ بنانے کی ٹھان لی ہے۔ پاکستان سپر لیگ کی جانب سے ٹویٹر پر ایک باکس کی تصویر جاری کی گئی جس پر 17نمبر درج ہے۔ اس کے ساتھ صرف یہ تحریر کیا گیا ہے کہ ”یہ آپکی سپر لیگ شائقین کیلئے سرپرائز ہے۔

یہ بہت بڑا ہوگا، کیا آپ اندازہ لگاسکتے ہیں کہ اس باکس میں کیا ہے۔“ تاہم پرستاروں کو یہ اندازہ لگانے میں دیر نہیں لگی کہ 17 نمبر کی شرٹ کرکٹ میں عام طور پر جنوبی افریقی سپر سٹار ابراہم ڈیویلیئرز پہنتے ہیں۔ کہا جارہا ہے کہ وہ اگلے سیزن میں پی ایس ایل کا حصہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سابق پروٹیز کپتان نے چند ماہ قبل انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی ہے۔

لیکن انہوں نے چند برس ٹی ٹونٹی لیگز جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ 34 سالہ بیٹسمین آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔ انہیں دسمبر میں شیڈول امارات پریمیئر لیگ کا سفیر بھی مقرر کیا گیا ہے۔ ہمہ جہت خصوصیات کے مالک ڈیویلیئرز انٹرنیشنل کرکٹ میں شاندار کارکردگی اور ملنسار طبیعت کے سبب بے حد زیادہ پسند کیے جاتے ہیں۔

یاد رہے کہ اے بی ڈویلیئرز نے تمام طرز کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے دنیا ئے کرکٹ کو حیران کر دیا تھا۔ اے بی ڈی ویلیئرز کے پاس ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین سنچری بنانےکا اعزاز ہے اور یہ کارنامہ انہوں نے جوہانسبرگ میں ویسٹ انڈیز کےخلاف جنوری 2015 ءمیں انجام دیا۔ون ڈے کرکٹ میں دوسری تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن اور تیسری تیز ترین سنچری کا ریکارڈ پاکستان کے شاہد آفریدی کے پاس ہے۔

ڈیویلیئرز ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچری (16بالز) اور تیز ترین 150رنز (64بالز) بنانےوالے بلے باز بھی ہیں۔ڈیویلیئرز نے جنوبی افریقہ کے لیے 114ٹیسٹ میچز میں 22سنچریوں کی مدد اور50.66کی اوسط سے 8765 رنز، 228ون ڈے میچز میں53.50کی اوسط اور25سنچریوں کی مدد سے9577رنز اور78ٹی ٹونٹی مقابلوں میں 10نصف سنچریوں کی مدد سے 1672رنز سکور کیے۔