شجرکاری ملک و قوم اور آنے والی نسلوں کی اہم ترین ضرورت ہے،چیئرمین بلدیہ شرقی

جمعہ 7 ستمبر 2018 16:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2018ء) چیئرمین بلدیہ شرقی معیدانور نے کہا ہے کہ پاکستان کے دفاعی دن ملک سے ماحولیاتی آلودگی کے خلاف دفاع کا اعلان کرتے ہیں، شجرکاری ملک و قوم اور آنے والی نسلوں کی اہم ترین ضرورت ہے، جس طرح گلوبل وارمنگ سے پاکستان متاثر ہوا ہے اس طرح کوئی اور ملک نہیں ہوا لہذا س سے نبرد آزما ہونے کیلئے وسیع پیمانے پر شجرکاری ناگزیر ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق سٹی نائب ناظمہ نسرین جلیل و سابق رکن قومی اسمبلی عبدالوسیم کے ہمراہ یوسی27 اور یوسی 28 بالخصوص کانٹی نینٹل بیکری اور پیراڈائیز بیکری سے متصل اسکول کے طالب علموں کے ہمراہ شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

تفصیلات کے مطابق بلدیہ شرقی کی جانب سے وسیع پیمانے پر شجرکاری مہم کا افتتاح کردیا گیا ہے جس کے پہلے مرحلے میں بلدیہ شرقی اپنے وسائل کو استعمال کرتے ہوئے مختلف اقسام کے پودے نیم، پیپل و دیگر ماحول دوست پودوں کی شجرکاری کی جا رہی ہے ،جس میں اسکول و کالجز کے طالب علموں اور سول سوسائٹیز کے ساتھ مل کر گرین بیلٹ، سینٹرل آئی لینڈ پر شجرکاری کر رہے ہیں اس موقع پر انہوں نے علاقہ مکینوں سے بات چیت کرتے ہوئے مزید کہا کہ پودے لگانا صرف بلدیاتی اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ تمام شہریوں کی ہے لہذا اس کی دیکھ بھال اب آپ لوگوں نے کرنی ہے، اگر ہم اپنی آنے والی نسلوں کو بہتر فضا اور ماحول مہیا کرنا چاہتے ہیں تو شجرکاری کو اپنا شعار بنانا پڑے گا۔

(جاری ہے)

بعد از اں چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے واٹر بورڈ کے افسران کے ہمراہ نیو رضویہ سوسائٹی کے عقب میں سیوریج لائن کی تنصیب کے کاموں کا معائنہ کیا اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات دیں علاوہ ازیں رضویہ سوسائٹی کے منتظمین کے ساتھ محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور تمام تر بلدیاتی امور کو قبل از وقت یقینی بنانے کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر متعلقہ یوسیز کے نمائندگان، ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور علاقہ مکین بڑی تعداد میں موجود تھے۔