ممنون حسین کو الوداعی گارڈ آف آنر ،ْنئے صدر عارف علوی (کل) حلف اٹھائیں گے

آئین وقانون کی پاسداری اور اچھی حکمرانی میں ہی وطنِ عزیز کی ترقی اور خوشحالی پوشیدہ ہے ،ْ ممنون حسین

ہفتہ 8 ستمبر 2018 19:27

ممنون حسین کو الوداعی گارڈ آف آنر ،ْنئے صدر عارف علوی (کل) حلف اٹھائیں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2018ء) صدر مملکت ممنون حسین کی مدت صدارت کے آخری روزالوداعی گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ ہفتہ کو صدر ممنون حسین کو ایوان صدر میں الوداعی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔صدر ممنوں حسین نے گارڈ آف آنر کے بعد ایوان صدر کے ملازمین سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور پھر ممنون حسین ایوان صدر سے روانہ ہو ئے۔

ترجمان ایوان صدر کے مطابق نومنتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی (کل) ہفتہ کو پاکستان کے 13 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔ڈاکٹر عارف علوی 4 ستمبر کو ہونے والی پولنگ کے نتیجے میں ملک کے آئندہ صدر کی حیثیت سے منتخب ہوئے تھے۔میڈیارپورٹ کے مطابق صدر ممنون حسین نے گزشتہ روز ایوان صدر کے افسران اور اہلکاروں سے الوداعی ملاقات کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر ممنون حسین نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ آئین وقانون کی پاسداری اور اچھی حکمرانی میں ہی وطنِ عزیز کی ترقی اور خوشحالی پوشیدہ ہے۔

ممنون حسین نے کہا کہ وہ عہدہ صدارت چھوڑتے وقت اس بات پر مطمئن ہیں کہ انہوں نے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور اپنے اختیارات اور آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کیا۔صدر ممنون حسین نے ایوانِ صدر کے عملے کا شکریہ ادا کیا، جن کے تعاون سے وہ اپنی سرکاری ذمہ داریاں احسن انداز میں پوری کر پائے۔