تب دق کے مریض کا ایچ آئی وی ایڈز ٹیسٹ بھی کرنے کا فیصلہ

پراونشل ٹی بی کنٹرول پروگرام کے زیر اہتمام دو روزہ انٹرڈسٹرکٹس اجلاس اختتام پذیر

بدھ 12 ستمبر 2018 13:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2018ء) پراونشل ٹی بی کنٹرول پروگرام پنجاب کی ڈائریکٹر ڈاکٹر زرفشاںطاہر نے کہا ہے کہ وزیر صحت پنجاب کی ہدایت کے مطابق آئندہ سے تب دق کے مریض کا ایچ آئی وی ایڈز ٹیسٹ بھی کرنے کا فیصلہ کیا ہے،Comorbidityکی وجہ سے ٹی بی کے مریض کو دیگر امراض بھی ہوسکتے ہیں،پراونشل ڈائریکٹر ٹی بی کنٹرول پروگرام نے مزیدکہا کہ محرم الحرام کے بعد پروگرام کی ٹیمیںجنوبی پنجاب کے اضلاع میںسکریننگ کیمپس لگائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے یہ بات ایک مقامی ہوٹل میں پنجاب ٹی بی کنٹرول پروگرام کے تحت دو روزہ انٹرڈسٹرکٹ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی- اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر آصف، ڈاکٹر جویریہ، ڈاکٹر ایوب راجہ ، منیجر پارٹنرشپ ڈویلپمٹ گلوبل فنڈ زبیر احمد کے علاوہ ڈسٹرکٹ ٹی بی کوارڈینیٹرز اور ڈسٹرکیٹ لیب سپروائزر نے شرکت کی- اجلاس میںضلع کی سطح پر تپ دق کی بیماری کی روک تھام ، مرض کی تشخیص و علاج کی سہولیات ، نئے مریضوں کی تلاش اور مزاحمتی تپ دق کے مریضوں کے علاج کی سہولیات بارے جائزہ لیا گیا- اجلاس دو دن جاری رہا -ڈاکٹر زرفشاںطاہر کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب میں تپ دق کی روک تھام کے حوالے سے زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے جس کے لئے محرم الحرام کے بعد پنجاب ٹی بی کنٹرول پروگرام کی ٹیمیں ملتان، بہاولپور ، ڈیرہ غازیخان اور دیگر اضلاع میںجا کر سکریننگ کیمپس لگائیں گی اور اس مرض کو کنٹرول کرنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گی-ڈاکٹر زرفشاں طاہر کا کہنا تھا کہ ٹی بی کے مریضوں کے HIVٹیسٹ کیلئے کٹس پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام فراہم کرے گا۔