Live Updates

وزیراعظم عمران خان کا سادگی وژن; پنجاب حکومت نے بھی 54 لگژری گاڑیاں نیلام کرنے کا فیصلہ کر لیا

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے زیر استعمال رہنے والی 2 بلٹ پروف اور2 لگژری گاڑیوں کی بھی نیلامی ہوگی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 13 ستمبر 2018 12:37

وزیراعظم عمران خان کا سادگی وژن; پنجاب حکومت نے بھی 54 لگژری گاڑیاں نیلام ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 ستمبر 2018ء) : وزیراعظم عمران خان کے سادگی کے وژن کی پیروی کرتے ہوئے پنجاب حکومت نے بھی اپنی 54 لگژری گاڑیاں نیلام کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ نیلامی کے لیے پیش کی جانے والی گاڑیوں میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے زیر استعمال رہنے والی 2 بلٹ پروف اور2 لگژری گاڑیوں بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے گاڑیوں کی نیلامی کے لیے قومی اخبارات میں جلد اشتہار بھی دیا جائے گا جبکہ عدالت کے حکم پر پنجاب کی پبلک سیکٹر کمپنیوں سے واپس لی گئی 42 نئی لگژری گاڑیوں سے متعلق فیصلے کے لیے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی سربراہی میں کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر جیسے ہی وزیر اعظم کے دفتر کے زیر استعمال رہنے والی 102 بلٹ پروف، لگژری اور عام گاڑیوں کی سرعام نیلامی کا اشتہار آیا تو ایوان وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی اس پالیسی پر عمل درآمد کے لیے کام شروع کردیا تھا۔

(جاری ہے)

ایوان وزیر اعلیٰ کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور ان کے سٹاف کے زیر استعمال رہنے والی 54 گاڑیوں، جن میں 2 بُلٹ پروف اور 2 لگژری شامل ہیں، کو نیلام کرنے کی فہرست تیار کرلی گئی ہے ۔

ان گاڑیوں کی بنیادی قیمت کا تخمینہ بھی لگایا گیا ہے ۔ ایوان وزیر اعلیٰ میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے ساتھ 150 افسر کام کرتے تھے جن کے استعمال میں یہ گاڑیاں تھیں لیکن نگران حکومت نے ان افسروں کا تبادلہ سول سیکرٹریٹ کردیا تھا اور گاڑیاں پول میں کھڑی ہوگئیں اور اب ان میں سے کچھ خراب ہونے کی وجہ سے آف روڈ ہوچکی ہیں۔ جس کے بعد اب پنجاب حکومت نے عمران خان کے وژن کے مطابق حکومتی امور میں سادگی اپنانے کی پالیسی کے تحت ان گاڑیوں کو نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

تمام گاڑیاں سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کو بھجو ائی جارہی ہیں جو ان گاڑیوں کا مالک ہے تاکہ ضروری کارروائی مکمل کرکے ان کی نیلامی کا اشتہار دیا جا سکے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق نیلامی کے لیے پیش کی جانے والی یہ گاڑیاں عوام کے لیے سول سیکرٹریٹ سے ملحقہ بابا گراؤنڈ میں معائنہ کے لیے کھڑی کردی جائیں گی۔ ایس اینڈ جی اے ڈی کے ایک سینئر افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ سابق چیف سیکرٹری اور صوبائی سیکرٹریز کے زیر استعمال رہنے والی 50 گاڑیاں جو 2005 ء سے قبل خریدی گئی تھیں بھی نیلام کی جارہی ہیں۔

یہ گاڑیاں مختلف افسران سے نئی حکومت آنے کے بعد سادگی مہم کے تحت واپس آئی ہیں جبکہ ان میں سے چند معمولی خراب ہیں۔ پنجاب میں اضافی سرکاری لگژری گاڑیوں کی نیلامی سے صوبائی خزانہ کو کروڑوں کے فنڈز حاصل ہوں گے ۔ پبلک سیکٹر کمپنیوں سے واپس آنے والی 42 لگژری گاڑیوں کی نیلامی کے بارے میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جو گاڑیوں کو جلد نیلام کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں اپنی سفارشات دے گی جس پر کابینہ فیصلہ کرے گی۔

ان گاڑیوں کو سیکرٹریٹ میں ایک بیسمنٹ میں پارک کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے وزیراعظم ہاؤس کی اضافی گاڑیاں فوری نیلام کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے تحت مجموعی طور پر33 گاڑیاں نیلام کرنے کے لیے اشتہار 31 اگست کو جاری کیا گیا۔ ان گاڑیوں میں 8 جدید لگژری بی ایم ڈبلیو،4 جدید مرسیڈیز بینز بھی شامل ہیں۔واضح رہے کہ وزیراعظم نے کفایت شعاری پالیسی کے تحت اضافی گاڑیوں کی نیلامی کا حکم دیا تھا ۔

نیلامی کے لیے پیش گاڑیوں میں 8 جدید لگژری بی ایم ڈبلیو گاڑیاں شامل ہیں، اس کے علاوہ ان گاڑیوں میں 4 جدید مرسیڈیز بینز،16 ٹویوٹا کرولا گاڑیاں بھی شامل ہیں۔ مزید برآں گاڑیوں میں ایک ہنڈا،3 سوزوکی اور1ایچ ٹی وی گاڑی کی بھی نیلامی ہوگی۔ وزیراعظم ہاؤس کی جدید گاڑیوں کی نیلامی کا رواں ماہ شروع ہو جائے گا۔ گاڑیوں کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم قومی خزانے میں جمع کروائی جائے گی۔

بتایا گیا ہے کہ نیلامی کی گاڑیوں میں شاہد خاقان عباسی کی 6 مرسڈیز ایس 600 بھی شامل ہے۔ قلیل مدت کے لیے آنے والے وزیراعظم شاہد خاقان نے جدید گاڑیاں منگوا کرقومی خزانے کونقصان پہنچایا تھا۔ایک گاڑی کی قیمت 18کروڑ روپے ہے۔ تمام گاڑیاں ہائی ٹیک اور بم پروف ہیں۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کفایت شعاری مہم کے تحت تمام اضافی گاڑیاں نیلام کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاکہ سرکاری خزانے سے ہونے والے اخراجات کی بچت کی جا سکے۔ عوام نے وزیراعظم عمران خان کے اس فیصلے کی تائید کی اور نئی حکومت کے اس اقدام کو سراہا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات