Live Updates

طبقاتی نظام تعلیم کو ختم کرکے پورے ملک میں یکساں نصاب کو رائج کرنا اور قرآنی تعلیمات کو اس کا لازمی حصہ بنانا تحریک انصاف کا مشن ہے ، راجہ راشد حفیظ

جمعہ 14 ستمبر 2018 21:19

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 ستمبر2018ء) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ طبقاتی نظام تعلیم کو ختم کرکے پورے ملک میں یکساں نصاب کو رائج کرنا اور قرآنی تعلیمات کو اس کا لازمی حصہ بنانا تحریک انصاف کا مشن ہے جس کا بنیادی مقصد گروہوں میں بٹے طبقات کو ایک قوم بنانا اور اسلام کے اوصاف حمیدہ کو معاشرے میں اجاگر کرنا ہے ․ غیر رسمی بنیادی تعلیم کے تحت پنجاب کے تمام اضلاع میں پرائمری تک ہر بچی اور بچے کو مفت تعلیم کی فراہمی اور تعلیم بالغاں کو حقیقی معنوں میں کامیاب بنانا میرا مشن ہے ․ ڈیپارٹمنٹ میں کرپٹ عناصر کی کوئی جگہ نہیں اور فرائض سے اغماض اورکرپشن کے خلاف زیرو ٹالرینس ہماری پالیسی ہے ․ انہوں نے یہ بات تحریک انصاف کے پبلک سیکریٹریٹ برائے این اے 62 میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ․ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ تعلیم جیسا اہم اور بنیادی شعبہ گذشتہ تمام ادوار میں انتہائی بے اعتنائی اور عدم توجہی کا شکار رہا ہے ․ قوموں کی تعمیر میں تعلیم کو کلیدی اور بنیادی حیثیت حاصل ہے اور ہماری لیڈر شپ بالخصوص وزیر اعظم عمران خان اس کا پورا پورا ادراک رکھتے ہیں ․ انہوں نے کہا کہ اسی حقیقت کو جانتے ہوئے حکومت نے پورے ملک میں یکساں تعلیمی نظام لانے کافیصلہ کیا ہے ․ انہوں نے کہا کہ خواندگی ااور غیر رسمی بنیادی تعلیم کا شعبہ پنجاب میں سو فیصد شرح خواندگی کے حصول میں پارٹی لیڈر شپ کے ویژن کے مطابق کام کریگا․ انہوں نے کہا کہ گذشتہ حکومت نے 2015 ء میں پنجاب کے 36 اضلاع میں پرائمری تعلیم اور تعلیم بالغاں کیلئے 6 ارب روپے کی خطیر رقم شروع کئے جانے والے پروجیکٹ کے خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں ہو سکے ․ انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعلی پنجاب کی مشاورت سے اس جانب خاص توجہ دوں گا اور کم سے کم وسائل اور عرصے میں زیادہ سے زیادہ بہتر نتائج کے حصول کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کروں گا ․ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے نام پر پنجاب کے دور دراز دیہی علاقوں میں بنائی گئی شاندار عمارات کو ڈھور ڈنگروں سے خالی کرا کے وہاں تعلیم کی تمام بنیادی سہولیات پہنچائی جائیں گی اور فروغ تعلیم کیلئے ایک قومی مشن کے طور پر کام کیا جائیگا ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات