پاک فوج کو اکتوبر کے ضمنی انتخابات میں بھی تعینات کرنے کا فیصلہ

الیکشن کمیشن نے 37 حلقوں پر اکتوبر میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں فوج کی تعیناتی کی باقاعدہ درخواست کردی

muhammad ali محمد علی جمعہ 14 ستمبر 2018 20:33

پاک فوج کو اکتوبر کے ضمنی انتخابات میں بھی تعینات کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 ستمبر2018ء) پاک فوج کو اکتوبر کے ضمنی انتخابات میں بھی تعینات کرنے کا فیصلہ، الیکشن کمیشن نے 37 حلقوں پر اکتوبر میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں فوج کی تعینات کی باقاعدہ درخواست کردی۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کو پاکستان کی حالیہ تاریخ کے سب سے بڑی ضمنی انتخابات میں بھی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستان میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے دوران کئی سیاسی جماعتوں کے کئی رہنما ایک سے زائد نشستوں پر الیکشن لڑ کر فتح حاصل کر پائے تھے۔ بعد ازاں قانون کے مطابق ان رہنماوں کو ایک کے علاوہ دیگر نشستوں کو خالی کرنا پڑا۔ اس قانونی تقاضے کو پورا کرنے کیلئے کئی نشستیں خالی ہوئیں۔ الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق 25 جولائی کے عام انتخابات کے بعد قومی و صوبائی اسمبلیوں کی کل 37 نشستیں خالی ہوئیں۔

(جاری ہے)

خالی ہونے والی قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 37 نشستوں پر اکتوبر میں ضمنی الیکشن کروانے کا اعلان کیا گیا۔ اکتوبر میں اتنے بڑے پیمانے پر ضمنی الیکشن کروانے کیلئے الیکشن کمیشن نے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ الیکن کمیشن نے اکتوبر کے ضمنی انتخابات کیلئے فوج کو تعینات کروانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ اس مقصد کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیکرٹری دفاع کو باقاعدہ درخواست بھی بھیج دی ہے۔

سیکرٹری دفاع کو بھجوائی گئی درخواست میں الیکشن کمیشن نے پاک فوج کو ضمنی الیکشن والے حلقوں میں 14 اکتوبر سے 21 اکتوبر تک تعینات کرنے کی سفارش کی ہے۔ فوج کی تعیناتی کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنے خط میں مزید سفارش کی ہے کہ فوجی اہلکار تمام پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات کیے جائیں۔ اس حوالے سے ایک سے دو روز میں الیکشن کمیشن کے خط کا جواب دے دیا جائے گا۔